نثار سے 21 اکتوبر کو وفد کی ملاقات میرے مطالبے پر ہوئی تھی: سمیع الحق

Dec 22, 2016

پشاور (بیورو رپورٹ) دفاع پاکستان کونسل کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے 21 اکتوبر کو کونسل کے اعلیٰ وفد نے میری خواہش اور مطالبہ پر ملاقات کی تھی، کیونکہ اس سے ایک روز قبل 20 اکتوبر کو اسلام آباد کونسل کا سربراہی اجلاس میری صدارت میں منعقد ہوا، جس میں کئی اہم امور زیرغور آئے، سرفہرست مسئلہ افغان مہاجرین کی جبری واپسی، ہزاروں بے گناہ علماء طلباء اور پرامن شہریوں کے قومی شناختی کارڈ بلاک کرانے اور فورتھ شیڈول جیسے اہم مسائل پر وفاقی وزیر داخلہ سے فوری ملاقات کا فیصلہ کیا گیا اجلاس کے بعد رات ہی کو وفاقی وزیرداخلہ نے دوسرے دن ملاقات کی حامی بھرلی۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ کونسل کے اجلاس کے بعداکثر قائدین چلے گئے تھے، راتوں رات جو میسر آسکے انہیں میں وفد کی شکل میں ساتھ لے گیا، شرکاء وفد کی کوئی فہرست وزیرداخلہ کو نہیں دی گئی تھی، سمیع الحق نے کہاکہ اس وقت ملک کے استحکام اور سلامتی کیلئے محب وطن جماعتوں کا سب سے بڑا پلیٹ فارم دفاع پاکستان کونسل ہے جو ملک کی سلامتی او ربیرونی بالادستی کے خلاف برسرپیکار ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ نے اس اہم فورم کو فوری ملاقات کا وقت دے کر اپنے فرائض منصبی کا حق ادا کیا ہے، جس پر وہ تحسین کے مستحق ہیں، کونسل پر دہشت گردی کا الزام لگا کر بعض لوگ اپنی فرقہ وارانہ ذہنیت ملک میں لوٹ کھسوٹ اور سیاست کا بازار گرم رکھنے والے اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کا راستہ ہموار کررہے ہیں۔

مزیدخبریں