حسن ابدال (صباح نیوز) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ میرا یقین ہے کہ آزمائش کے مراحل میں صرف وہی لوگ سرخرو ہوتے ہیں جو ایماندار ، نیک نیت اور قانون کی پاسداری کرنے والے ہوں ۔ بد عنوان اور بد کردار لوگوں کو ہمیشہ ناکامی کا منہ دیکھنا پڑتا ہے اور قوم بھی کبھی انہیں اچھے الفاظ سے یاد نہیں کرتی ۔اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیارے وطن کو دنیا کی قیادت کے لیے تخلیق کیا ۔ ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے کیڈٹ کالج حسن ابدال میں یوم والدین کی تقریب سے خطاب میں کیا ۔ اس موقع پر اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں صدر مملکت نے میڈلز بھی تقسیم کئے ۔ تقریب سے خطاب میں صدر مملکت کا کہنا تھا کہ طلباء جب رات کو عشاء کی نماز کے بعد سونے کی تیاری کریں تو نیند کی آغوش میں جانے سے قبل تھوڑی دیر کے لیے آج کی دنیا اور آج کے حالات پر غور کریں اور اس امر پر غور کریں کہ آج ہمارا پیارا وطن کہاں کھڑا ہے اور اس کے لیے ہم کیا کر سکتے ہیں ۔ ان چند لمحات میں ان تمام سوالوں کا جواب مل جائے گا محض طلباء کی رہنمائی کے لیے بزرگ کی حیثیت سے کہتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ نے ہمارے پیارے وطن کو دنیا کی قیادت کے لیے تخلیق کیا اور اس شاندار تعلیمی ادارے میں بھی طلباء کو زندگی کے مختلف شعبوں میں قیادت کی تربیت دی گئی ۔ پوری قوم طلباء سے بے پناہ توقعات وابستہ کرتی ہے ۔ طلباء ان توقعات پر اسی صورت میں پورا اتر سکتے ہیں اگر خود کو آنے والے دور کے لیے تیار کریں ۔