بھارت افغانستان میں قونصل خانوں کے ذریعے بلوچستان کا امن تباہ کر رہا ہے: جماعتہ الدعوۃ کی دفاع اسلام کانفرنس

Dec 22, 2016

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین، بلوچ سرداروں اور قوم پرست لیڈروں نے جماعۃالدعوۃ کی دفاع اسلام کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت افغانستان میں قائم قونصل خانوں کے ذریعے بلوچستان کا امن تباہ کر رہا ہے۔ مشرقی پاکستان کی طرح بلوچستان کو علیحدہ کرنے کی سب سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔ آئندہ چند برسوں میں یہاں کے حالات بد ل جائیں گے۔ سیاست اور مفادات نہیں کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اتحاد قائم کرنا ہوگا۔ کشمیر اور شام میں خون بہانے والے اپنے اپنے علاقوں میں چلے جائیں۔ بھارت کشمیر میں کیمیائی ہتھیار استعمال کررہا ہے۔ بھارت کشمیر سے اپنی فوج نکال لے! تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی سے بھارت کا ٹکڑوں میں تقسیم ہونا یقینی ہے۔ سی پیک منصوبہ کی کامیابی سے بلوچستان سمیت پورے پاکستان کو بڑی قوت ملے گی۔ ان خیالا ت کا اظہار امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید، شاہ زین بگٹی، مولانا عبدالقادر لونی، میر ظفر اللہ خان شہوانی، نجیب ترین، راز محمد لونی، سعید آغا شاہ، راہ محمد اودزئی، قاری یعقوب شیخ، مولانا عبدالکبیر شاکر، حافظ عبدالرئوف،حاجی عبدالہادی کاکڑ، مولانا مفتی عبدالواحد، محمد اشفاق ودیگر نے کوئٹہ میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ بلوچستان کے حالات بھارت کی مداخلت سے خراب ہو ئے۔ آج اجیت دوول یہ کہتا ہے کہ ہم نے مشرقی پاکستان کے بعد بلوچستان کو نشانہ بنایا ہے۔ پاکستان کو توڑنے کیلئے کی جانے والی سب سازشیں دم توڑ رہی ہیں، آئندہ چند برسوں میں بلوچستان کے حالات بدل جائیں گے۔ انگریزوں اور ہندئوں نے مسلمانوں کے خلاف سازشوں کی آگ بھڑکائی۔بھارت امریکہ کے سہارے پر سازشیں کر رہا ہے۔ ہماری ساری جماعتیں ایک ہیں ہم سب ایک کلمہ طیبہ کی وجہ سے اکٹھے ہیں۔ ہم نے کلمے کی بنیادپر اتحاد قائم کرنا ہے۔ بلوچستان کے مسائل بہت زیادہ ہیں۔ افغانستان میںبیٹھے ہوئے درندوں نے لاکھوں مسلمانوں کا خون بہایا۔ بھارت کو امریکہ کی شہ حاصل ہے۔ہم امریکہ کو سپر پاور نہیں مانتے۔ہم امریکی ورلڈآرڈر کا حصہ نہیں بن سکتے۔ اسلام آباد والو اللہ سے معافی مانگ لو۔ بھارت کشمیر میں خون بہا رہا ہے۔وہاں پر مسلمانوں کے علاوہ دوسری قومیں بھی رہتی ہیں۔وقت آ گیا ہے کہ مسلمان اپنی اقوام متحدہ اور عدالتیں بنائیں۔کفار مسلمانوں پرگولی چلانا اور ظلم کرنا بند کریں۔ حکمرانوں کو بلوچستان کا حق اسے دینا ہو گا۔میں پورے پاکستان میں آپ کی نمائندگی کروں گا۔ہم بلوچستان میں فری میڈیکل کیمپ کر رہے ہیں۔ہم نے بلوچستان میں 800 اور تھرپارکر میں1000کنویں بنائے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ بلوچستان خوشحال ہو اور یہاں امن قائم ہو۔ جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ ٍنوابزادہ شاہ زین بگٹی نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ پاکستان کے وفادار ہیں۔ لوگ سمجھتے ہیں کہ ہم فوج کیخلاف ہیں لیکن ایسا نہیں ہے۔ ہم افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔ نواب اکبر بگٹی کو جب شہید کیا گیا تو اس کے بعد حالات بدلے۔ یہ پرویز مشرف کی غلطی تھی۔ اس ملک کی حفاظت کیلئے ہم ہر طرح کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔ نواب میر ظفر اللہ خان شہوانی نے کہاکہ کشمیر،شام، فلسطین، برما میں مسلمانوں پر مظالم ٖڈھائے جا رہے ہیں۔ پاکستان کی سلامتی،استحکام اور امن قائم کرنے کے لیے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوں گے۔ مولاناعبدالقادر لونی نے کہاکہ بلوچستان کے لوگ پاکستان کے ساتھ ہیں، یہاں بھارت قدم جمانے میں کامیاب نہیں ہو سکتا چاہے وہ جو کچھ بھی کر لے۔ادھر بارڈر پر پشتون قوم موجود ہے۔ اگر بھارت نے میلی نگاہ ڈالی تواس کی آنکھیں نکال لیں گے۔ قاری یعقوب شیخ نے کہاکہ ہمیں بلوچستان اور یہاں کے لوگوں سے اس لئے محبت ہے کہ یہاں کے لوگوں نے اسلام و پاکستان کیلئے قربانیاں پیش کیں۔ حافظ عبدالرئوف نے کہاکہ بلوچستان کا ہر فرد پاکستان سے محبت کرتا ہے۔ بلوچستان کے مسائل کا واحد حل اسی میں ہے کہ اس کی محرومیوں کا ازالہ کیا جائے۔ مولانا عبدالکبیر شاکر، مولانا مفتی عبدالواحد، سعید آغا شاہ اور دیگر نے کہاکہ ہمیں آپس میں بھائی چارہ قائم کرنا ہو گا۔ ہم افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور مل کر دشمن کا مقابلہ کریں گے۔

مزیدخبریں