قومی کرکٹرز کی میلبورن میں پریکٹس شروع‘ آسٹریلیا کو ٹف پائم دینگے: وسیم باری

Dec 22, 2016

لاہور(نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاری کیلئے پریکٹس شروع کردی ہے ۔ گزشتہ روز ہیڈ کوچ مکی آرتھر‘بائولنگ کوچ اظہر محمود ‘بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور فیلڈنگ کوچ سمیت دیگر نے کھلاڑیوں کو پریکٹس کرائی ۔ کھلاڑیوں نے پہلے سیشن میں مختلف قسم کی ورزشیں کیں اور بعد میں نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا ۔ کوچز نے کھلاڑیوںکو بائولنگ ‘بیٹنگ کی پریکٹس کرائی اور بعد ازاں فیلڈنگ پریکٹس کا بھی مظاہرہ کیا گیا ۔ کھلاڑیوں نے کیچز کی پریکٹس کے ساتھ ساتھ فیلڈنگ میں گیند پکڑنے کا بھی مظاہرہ کیا۔ قومی ٹیم کے منیجر وسیم باری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑی دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے بھر پور تیاری کر رہے ہیں۔ برسبین میں جس طرح چوتھی اننگز میں فائٹ بیک کیا تھا اگر اسی طرح کی فائٹنگ سپرٹ کا مظاہرہ کیا گیا تو نتائج ہمارے حق میں ہونگے ۔برسبین میں بائونس زیادہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے بلے بازوں کو مشکلات در پیش آتی ہیں ۔میلبورن میں کنڈیشنز مختلف ہیں ۔ یہاں کی پچ بلے بازوں کیلئے مشکلات پیدا نہیں کرتی ہے ۔ یہاں زیادہ بائونس نہیں ہوتا ہے ۔ کھلاڑیوں کو چاہئے کہ کریز پر ٹھہریں رنز بنتے جائیں گے ۔یہاں سپنرز کا کردار بھی اہم ہوگا اور امید ہے یاسر شاہ پہلے ٹیسٹ میچ کی نسبت اچھا پر فارم کرینگے ۔ پہلا میچ ڈے اینڈ نائٹ تھا اور رات کے وقت گیند زیادہ موو ہوتا ہے مگر آئندہ دونوں ٹیسٹ میچز دن کی روشنی میں کھیلے جائیں گے ۔ پاکستان ٹیم آسٹریلیا کو ٹف ٹائم دے گی ۔ کھلاڑی اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں ۔

مزیدخبریں