فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) پیپلزپارٹی کے رہنما قمرالزمان کائرہ نے کہا ہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ نے دعویٰ کیا کہ وہ آصف علی زرداری اور عمران خان کو اپنے دائیں اور بائیں طرف بٹھائیں گے یہ ان کی خواہش ہے، پیپلزپارٹی عمران خان کی تحریک انصاف کے ساتھ کسی قسم کا اتحاد کرنے کی خواہش مند نہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے کہا کہ پیپلزپارٹی طاہرالقادری کے ساتھ پرامن احتجاج کے لئے جب بھی وہ بلائیں گے ان کا ساتھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ طاہرالقادری کا حق ہے کہ وہ موومنٹ چلائیں۔ نااہل وزیراعظم نوازشریف جوڈیشری کے خلاف غیرشائستہ زبان استعمال کر رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ اگر وہ ایسا کرتے رہے تو عدلیہ کی بے توقیری ہو گی اور عوامی سطح پر بھی یہ رجحان پیدا ہو سکتا ہے۔ پاکستان کے جمہوری نظام کے لئے نوازشریف سودمند نہیں۔ نوازشریف سسٹم کی مضبوطی کی بجائے اداروں سے ٹکراؤ کی فضا پیدا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے سینٹ میں خطاب کر کے سارے غلط خدشات کو دور کر دیا ہے۔ پیپلزپارٹی جمہوریت پر یقین رکھتی ہے آج بھی مرحوم ذوالفقار علی بھٹو کے فلسفے پر کاربند ہے۔ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری ملک اور قوم کی امید ہیں آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہو گی۔ پیپلزپارٹی کے کارکن متحرک ہیں اور پیپلزپارٹی کو اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف چاہے شہبازشریف کو آئندہ وزیراعظم کا امیدوار نامزد کریں، مسلم لیگ(ن) عوامی محاذ پر اپنا اعتماد کھو چکی ہے۔
کائرہ