اسلام آباد (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شہاب الدین خان نے اگلے جمعہ تک فاٹا اصلاحات بل پیش نہ ہونے کی صورت میں اسمبلی سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں تھک چکا ہوں حکومت ڈھائی سال سے تاخیر کررہی ہے‘ حکومت ایک شخص کے ہاتھوں بلیک میل ہورہی ہے۔ پارلیمنٹ ہاﺅس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہاب الدین نے کہا کہ ہمارے ساتھ وعدہ ہوا تھا کہ آج اس بل کو پیش کیا جائے گا افسوس کہ حکومت ایک شخص کے ہاتھوں بلیک میل ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں نے اسمبلی فلور پر استعفیٰ دینا تھا لیکن مجھے بات کرنے کا موقع نہیں دیا گیا میں تھک چکا ہوں حکومت ڈھائی سال سے تاخیر کررہی ہے جو لوگ کل فاٹا سپریم کونسل کے نام پر آئے تھے وہ ایک پارٹی کے ارکان تھے۔ شہاب الدین نے کہا کہ اگلے جمعہ تک فاٹا اصلاحات بل اسمبلی میں پیش نہ ہوا تو میں اسپیکر کو اپنا استعفیٰ پیش کردونگا۔ فلور پر لوگ کہتے ہیں کہ آپ پاکستانی نہیں ہو آج ہمارے پاکستانی ہونے پر سوالیہ نشان بن رہے ہیں ہم کیا ہیں ہمارا سٹیٹس کیا ہے میں مولانا فضل الرحمن کو جانتا ہوں اور وہ مجھے جانتے ہیں میں ان سے دس گنا زیادہ بہتر سپریم کونسل بنا سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دشمنوں کو کھلا راستہ دیا جارہا ہے۔
شہاب الدین
اگلے جمعہ تک فاٹا بل نہ آیا تو مستعفی ہو جاﺅنگا: حکومتی رکن شہاب الدین
Dec 22, 2017