2017ء قبائلی عوام کیلئے خوشخبری کا سال ہے،فاٹا کو خیبرپی کے میں ضم کیا جائیگا: عابد شیر

اسلام آباد (این این آئی)وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ 2017ء فاٹا کے عوام کے لئے خوشخبری کا سال ہے ٗفاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائیگا ٗتوانائی کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد مئی 2018ء میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے فاٹا اصلاحات کے حوالے سے کمیٹی بنائی ‘ اصلاحات کا مسودہ تیار ہے اس حوالے سے حکومت رائے عامہ ہموار کررہی ہے جو لوگ فاٹا اصلاحات کے حوالے سے شور شرابہ کررہے ہیں انہوں نے گزشتہ پانچ سالوں میں فاٹا اصلاحات کے حوالے سے کام کیوں نہیں کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ 2017ء فاٹا کے عوام کے لئے خوشخبری کا سال ہے فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا جائے گا حکومت اس حوالے سے تمام سٹیک ہولڈر کے ساتھ مشاورت کررہی ہے کوئی ایسا فیصلہ جلد بازی میں نہ کیا جائے جس سے صوبے کی عوام میں نفرت بڑھے۔ عابد شیر علی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام سے کئے گئے وعدے پورے کررہی ہے، پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے جبکہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے کام جاری ہے اور توانائی کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد مئی 2018ء میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن