پنڈی بھٹیاں +حافظ آباد+ ونیکے تارڑ (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگاران )تحریک لبیک یارسول اﷲﷺ کے مرکزی چیئرمین علامہ خادم حسین رضوی اور سرپرست اعلیٰ پیر محمد افضل قادری نے اسلام آباد دھرنے کے دوران نواحی قصبہ ٹھٹھی بہلول میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان ابوسفیان کے گھر آکر تعزیت کی ۔ اس موقع پر انہوں نے وہاں پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف اور دیگر متعدد سیاسی جماعتیں سیکولر ذہن کی جماعتیں ہیں ، ہم محمدی عربی ﷺکے غلام ہیں۔ اس ملک میں سیکولر نظام کسی صورت نہیں آنے دیں گے۔ آئندہ الیکشن میں تحریک لبیک پورے ملک سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی اور عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ کرنے والوں کو اسمبلیوں میں بیٹھائیں گے۔ ابوسفیان فائرنگ کیس میںملوث ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پی کو ایک ہفتے تک گرفتار نہ کیا گیا تو وہ دوبارہ ٹھٹھی بہلو ل میں آکر پولیس کے خلاف دھرنا دیں گے۔اس موقع پر پیر محمد افضل قادری نے فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ابوسفیان کے والدین کو 5لاکھ روپے بھی دیئے۔ اجتماع سے سنی تحریک گوجرانوالہ ڈویژن کے صدر سید عثمان شاہ نقوی اور پیر سید فیض الحسن شاہ نے بھی خطاب کیا۔ بعد میں جاں بحق ہونے والے ابوسفیان کے درجات کی بلندی کی دعا بھی کی گئی۔واضح رہے کہ قافلے کا پنڈی بھٹیاں انٹرچینج پر شاندار استقبال اور گل پاشی کی گئی۔