نیو کراچی میں تین منزلہ تولیہ فیکٹری میں لگنے والی آگ پر قابو پالیا گیا

Dec 22, 2017 | 14:35

ویب ڈیسک

نیو کراچی میں تولیہ فیکٹری میں تین منزلہ عمارت پر لگنے والی آگ پر ساڑھے 3 گھنٹے بعد فائر بریگیڈ کے رضا کاروں نے قابو پا لیا ۔صبا سینما کے قریب تین منزلہ تولیہ بنانے کی فیکٹری کی اوپر والی منزل پر آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے نیچے کی منزلوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کا عملہ پہنچا۔ پہلے ایک گاڑی نے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی تاہم شدت زیادہ ہونے کے باعث مزید گاڑیاں، دو فائر ٹینڈرز اور واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر پہنچے اور آگ پر قابو پایا۔ کام کیلئے فیکٹری آنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ پہنچے تو آگ لگی ہوئی تھی۔اس موقع پر چیئرمین ضلع وسطی ریحان ہاشمی بھی پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ فائر بریگیڈکو وسائل کی کمی کا سامنا ہے، ایس او پی پر عمل کیا گیا یا نہیں معاملہ صنعتکاروں کی ایسوسی ایشن دیکھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کراچی کیلئے لوگ سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں مگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں، موجودہ وسائل میں محرومیوں کے باوجود سروسز دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا مئیر کراچی متعدد بار وسائل نہ ہونے کے بارے میں آگاہ کر چکے، ہمارے پاس فائر ٹینڈر بھی پورے نہیں ہیں۔

مزیدخبریں