فرید خان
لیونل میسی جو نام ہے اعتماد کا، پرفارمنس کا، وہ کھیل رہے ہوں تو کسی کا دل نہیں کرتا کہ گراونڈ سے نظریں ہٹائے۔وہ شاندار، غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل، تن تنہا میچ کا نقشہ بدلنے اور اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکال کر فتوحات کی طرف لے جانیوالے کھلاڑی ہیں۔ وہ گول سکور کرنیکی خداداد صلاحیتوں سے مالا مال ہیں اور کئی عالمی اعزازات اپنے نام کر چکے ہیں۔ اب انہوں نے گزشتہ سیزن میں یورپ کے سب سے زیادہ گول سکور بنانے پر پانچویں مرتبہ گولڈن شو حاصل کیا ہے۔میسی نے گذشتہ سیزن میں چونتیس گول سکور کر کے گولڈن شو کا اعزاز حاصل کیا میسی کی پانچویں کامیابی نے کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ ٹائی کو بھی توڑ دیا۔لیور پول کے معروف فارورڈ محمد صلاح گذشتہ سیزن میں بتیس گول کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے.ارجنٹائن کے ورلڈ کلاس فارورڈ لیونل میسی دو ہزار نو۔دس، دو ہزار گیارہ۔ بارہ، دو ہزار بارہ۔ تیرہ، اور دو ہزار سولہ۔سترہ کے سیزن میں بھی گولڈن جوتا حاصل کر چکے ہیں۔ ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فارورڈ رواں سیزن بھی یورپ کی تمام لیگز میں چودہ گولز کے ساتھ پہلے نمبر نظر آ رہے ہیں. اکتیس سالہ لیونل میسی چھ سو پچپن میچوں میں پانچ سو بہتر گولوں کے ساتھ بارسلونا کی تاریخ کے سب سے معروف سکورر ہیں.