رانا محمد عثمان
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان ہر سال بڑے پیمانے پر اپنی دعوت کے ابلاغ اوررابطہ طلبہ کے سلسلے میں ایک مہم چلاتی ہے۔امسال بھی یہ مہم ستمبر تا دسمبر عزم عالیشان ہمارا پاکستان کے عنوان سے سے چلائی گئی جسکے مقاصد میں پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانے کے لیے نوجوانوںکی ذہن سازی ،نوجوانوں کو معاشرے کی تعمیروترقی کے لیے عملی اقدامات پر آمادہ کرنا،تعلیمی مسائل کو اجاگرکرنا ان کے حل کی کوشش اور معاشرے میں جمعیت کے تشخص کو مزید بہتربنا نا شامل تھا۔ اس مہم کے دوران لاکھوں طلبہ سے رابطہ کیا گیا جس میں سے بڑی تعداد کو جمعیت کا ممبر بنایا گیا ۔ علاوہ ازیں ہزاروں طلبہ و طالبات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایوارڈ آف آنر سے نوازا گیا۔
تعلیمی اداروں اور ملک بھر میں اتحاد یکجہتی کا فروغ سب سے بڑا چیلنج ہے۔اسلامی جمعیت طلبہ اس چیلنج میں سرخرو ہوئی اور ملک بھر کے تعلیمی اداروں میں خصوصی سرگرمیوں کے انعقاد کے بعد نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا، ملک کے کونے کونے میں، ہر کوچہ و بستی میں جمعیت کی جانب سے مثبت سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا، ٹیلنٹ ایوارڈ شو کے ذریعے جمعیت نے ذہین اور قابل طلبہ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
اساتذہ کسی بھی معاشرے کا اہم جز ہوتے ہیں، معاشروں کی تعمیر ان کی بہتر انداز میں تخلیق اور درست سمت کی جانب رہنمائی انہی کی بدولت ممکن ہے، اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ہفتہ تکریم اساتذہ منایا گیا۔ہفتہ تکریم اساتذہ کے نام سے ایک مکمل ویک کوعزم عالیشان ہمارا پاکستان مہم میں شامل کیا گیا جس میں اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کارڈز، پھول ودیگر تحائف پیش کئے گئے ۔ دیگر سرگرمیوں میں سیمینار اور اساتذہ کے لئے خصوصی تقاریب کا اہتمام بھی کیا گیا اور ان تمام سرگرمیوں کے ذریعے اساتذہ کو احترام کا پیغام پہنچایا گیا۔
اسلامی جمعیت طلبہ یقیناً قوم کے نوجوانوں کی آواز ثابت ہورہی ہے مہنگی تعلیم، نشستوں میں کمی، تعلیمی اداروں میں سہولیات کا فقدان اور نظام تعلیم کی بہتری کے لیے جمعیت نے بھرپور انداز میں مہم چلائی جس کے لئے پری اور پوسٹ بجٹ سیمینار، واکس اور مباحثوں کا انعقاد کیا گیا،تعلیمی بجٹ میں پانچ فیصد اضافے کے لئے بھرپور کاوش بھی مہم کا حصہ رہی۔
اسلامی جمعیت طلبہ نے لاہور میں سٹوڈنٹ ایجوکیشن ایکسپو کے نام سے ایکسپو سینٹر میں دوروزہ پروگرام منعقد کروایا،پروگرام میں ناظم اعلی اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان محمد عامر،صوبائی وزیر تعلیم مراد راس،معروف تجزیہ نگار سلمان غنی،موٹیویشنل سپیکر قاسم علی شاہ،معروف شاعر انور مسعود،اینکر پرسن منصور علی خان،اینکرپرسن علی حیدر اوردیگر شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔جس انٹرنیشنل قرآن کانفرنس، ٹاک شوز، ٹیلنٹ ہنٹ، موٹیویشنل سیمینارز، سکول سیشن ، مشاعرہ،نیلام گھر،پینٹنگ اور دیگر پروگرامات کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ وطالبات اساتذہ اور والدین کی بہت بڑی تعدادنے شرکت کی۔
کراچی میں اساس2018کے عنوان سے ایک تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا۔پروگرام میں جنرل سیکرٹری اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان عرفان حیدر پڈھیار،سابق ناظم اعلی جمعیت سید وقاص انجم جعفری،معروف ٹرینر اختر عباس،ممبر صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید،امیر جماعت اسلامی کراچی حافط نعیم الرحمن اور دیگر معروف علماء کے علاوہ طلبہ نے شرکت کی۔ اس دوران اسلام آباد،فیصل آباد،پشاور،حیدرآباد اور دیگر شہروں میں بھی ٹیلنٹ یوتھ ایکسپو کا انعقاد کیا گیا۔ہفتہ فکر مودودی کی مناسبت سے مولانا ابوالاعلی مودودی کی رہائش گاہ پر ایک سیمینار منعقد کروایا گیا جس میں انکی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔پروگرام میں معروف تجزیہ نگار مجیب الرحمن شامی،معروف اینکرپرسن سجادمیر،معرف تجزیہ نگار حفیظ اللہ نیازی،جنرل سیکرٹری اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان عرفان حیدراور سینکڑوں کارکنان جمعیت نے شرکت کی۔ہفتہ ارض کی مناسبت سے پورے ملک میں پودے لگائے گئے اورآگہی سیمینارز کاانعقاد کیا گیا۔پنجاب یونیورسٹی میں عشق مصطفی ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ہزاروں طلبہ وطالبات نے شرکت کی۔