کراچی(لیڈی رپورٹر)حضور نبی کریمﷺ کا ئنات کے پہلے انسان تھے جنہوں نے ازواج مطہراتؓ کے ساتھ مساوات کا ایسا سلوک کیا جس کی کوئی دوسری مثال موجود نہیں ۔ انہوں نے کسی کو بھی ،کسی سے بھی اپنی رفاقت کا ایک لمحہ زائد عطا نہیں کیا اور اس کا سبب جہاں ایک طرف آپ ﷺ کا حسن سلوک تھا وہیں امہات المومنین ؓ کا طرز عمل بھی تھا جن میں حسد و جلن نام کو نہ تھا۔ آج کی عورت اگر اپنی دنیا ،آخرت،اپنا گھر اور کنبہ سنوارنا چاہتی ہے تو یہ اسی صورت ممکن ہے جب وہ امہات المومنین ؓکا طرز عمل اپنی عملی زندگیوں میں مشعل راہ اورفرمان نبوی ﷺکے مطابق تقویٰ کو اپنا لباس بنا لے۔ ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی سنیئر رہنما ماہر تعلیم ، نیازی گروپ آف انسٹیٹیوشنز کی چیئر پرسن مسرت خان نیازی نے گذشتہ روز اتحاد الانصار ویلفیئر سوسائٹی کے تحت لانڈھی میں منعقدہ ساتویں سالانہ خواتین سیرت کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی صدارت سوسائٹی کے شعبہ خواتین کی سربراہ بیگم انور ی انور جمال انصاری نے کی۔ اس موقع پر دیگر مقررین پروفیسر ڈاکٹر عارفہ جبار ،ڈاکٹر نسیمہ عارف، قاریہ عمرانہ طارق،ایرج سحر،اقصیٰ زیب،عائشہ کنول، ماصفہ نور و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مسرت خان نیازی نے کہا کہ امت مسلمہ کی خواتین اپنا کردار اس سانچے میں ڈھالنے کی کوشش کریں جو قرون اولیٰ کی مسلم عورتوں کا تھا ۔ بحیثیت عورت ہمارے لئے یہ اعزا ز کی بات ہے کہ نبی اکرمﷺ کے پیغام دعوت حق پر جس ہستی میں سب سے پہلے لبیک کہا وہ حضرت خدیجۃ الکبریٰ ؓ ایک خاتون کی ذات تھی۔