ایلن بارڈر اورشعیب اختر ویرات کوہلی کی بد زبانی کا دفاع کرنے لگے

راولپنڈی/میلبورن(آئی این پی)سابق آسٹریلوی کپتان ایلن بارڈر اور پاکستانی لیجنڈ فاسٹ بولر شعیب اختر ویرات کوہلی کی بد زبانی کا دفاع کرنے لگے۔ایلن بارڈر نے کہا ہے کہ کرکٹ کو اس طرح کے کرداروں کی ضرورت ہے جو کھل کر اپنے جذبے کا اظہار کرسکیں،سابق آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ کسی بھی بولر کے وکٹ لینے پر کوہلی کی خوشی دیدنی ہوتی ہے، اپنی ٹیم کو عالمی نمبر ون بنانے والے کپتان کے جذباتی پن میں مجھے کوئی خرابی نظر نہیں آتی۔سماجی رابطہ ویب سائٹ ٹوئٹر سے پیغام جاری کرتے ہوئے شعیب اختر نے بھی کہا کہ ویرات کوہلی جدید عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں ، کوہلی کے رویے پرتبصرہ کرنے والوں کو تھوڑی گنجائش نکالنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کھیل کے میدان میں جارحانہ رویہ کرکٹ کا حصہ ہوتا ہے، خاص طور سے جب میچ آسٹریلیا یا نیو زی لینڈ کے ساتھ ہو ۔واضح رہے حال ہی میں بھارت کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ نے ویرات کوہلی کو بدترین رویے والا کھلاڑی قرار دیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن