پشاور(نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ یہ اسمبلی متنازعہ اورعمران خان حکومت حماقتوں کا مجموعہ ہے۔ پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ناکام، ناجائز اور نااہل حکومت کی حماقتوں کی وجہ سے آرمی چیف بھی مذاق بن گئے، موجودہ حکومت اور اسمبلی کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے اختیار نہیں، اس اسمبلی کو آرمی چیف کی توسیع کی قانون سازی کاحق نہیں دے سکتے ورنہ یہ قانون متنازعہ ہوگا، کیوں کہ یہ اسمبلی متنازعہ ہے اور عمران خان حکومت حماقتوں کا مجموعہ ہے، جمہوریت پریقین رکھتے ہیں تو ملک میں فوری طور پر نئے شفاف عام انتخابات کراتے ہوئے معاملات ان کے حوالے کیے جائیں تاکہ ملک بحرانوں سے نکل سکے۔ مولانافضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف موجودہ وقت میں فوج کے سربراہ نہیں بلکہ سیاسی پارٹی کے سربراہ ہیں اور جس طرح دیگر سیاستدانوں کے خلاف عدالتی فیصلوں کا خیر مقدم کیاجاتا ہے اسی طرح پرویز مشرف کے خلاف فیصلے پر بھی بیانات جاری نہیں کرنے چاہئیں، ایسے بیانات اداروں میں ٹکراؤ کی صورتحال پیدا کرتے ہیں، حالات سنگین ترین ہیں، پھونک پھونک کرقدم رکھنا ہوگا۔