پسماندہ علاقے بھی ترقی کے سفر میں شامل ہو چکے: عثمان بزدار

Dec 22, 2019

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تونسہ شریف کی تعمیر و ترقی کیلئے 2ارب 94کروڑ روپے کے 13منصوبوں کا افتتاح کیا اور سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ میں گورنمنٹ ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔ کھرڑ بزدار تک ہنگلون23 کلومیٹر تونسہ کی 5اندرونی سڑکوں کا ا فتتاح کیا۔گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ کیلئے پاسپورٹ آفس کا بھی افتتا ح کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے خطاب میں کہا کہ پسماندہ علاقے بھی ترقی کے سفر میں شامل ہوچکے ہیں۔ سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کے فنڈز دیگر منصوبوں پر خرچ کیے گئے اورہم نے جنوبی پنجاب کے فنڈزکسی اورمنصوبے یا شہرمیں منتقل کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ اب ترقی سے محروم علاقوں کو آگے لیکر جائیں گے۔ پنجاب کے ہر علاقے میں ترقی کے ثمرات پہنچیں گے۔ وزیراعلیٰ نے سرائیکی زبان میں کہا پنجاب کے ہر ضلع اور ہر تحصیل جاکر مسائل حل کروں گا۔ عوام کی خدمت میری ڈیوٹی ہے، اس سے دلی سکون ملتا ہے۔ عوام کی خدمت کا ایجنڈا جاری رہے گا۔ موٹر بائیکس ایمبولینس سروس کا دائرکار بتدریج بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ میں 2ارب روپے کی لاگت سے انسٹی ٹیوٹ آف تونسہ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ انسٹی ٹیوٹ آف تونسہ میں انجینئرنگ، آئی ٹی اورسوشل سائنسز کی کلاسز ہوں گی۔ تونسہ میں ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ30 کروڑ کی لاگت سے 100کنال اراضی پر جلد مکمل ہوگا۔ بیروزگاری کے خاتمہ کیلئے ٹیکنیکل ٹریننگ ادارے اور ٹیکنیکل یونیورسٹیاں قائم کریں گے۔ ڈیرہ غازی خان میں میر چاکر خان رند یونیورسٹی پر جلد کام شروع ہوگا۔ قیام پاکستان سے لیکراب تک پنجاب میں 3 سپیشل اکنامک زون بنائے گئے لیکن ہم نے ایک سال میں 10سپیشل اکنامک زون کے منصوبوں پر کام شروع کیا ہے۔ ملک کا سب سے بڑا انڈسٹریل ا سٹیٹ فیڈمک ساڑھے 7ہزار ایکڑ میں قائم ہو رہا ہے۔ فیڈمک میں 100ارب روپے کی سرمایہ کاری آچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈمک میں مجموعی طورپر 500ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی اور 6لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا۔ وزیراعظم عمران خان فیصل آباد میں انڈسٹریل اسٹیٹ کا اسی ماہ افتتاح کریں گے۔ مظفر گڑھ میں 2 اورلیہ چوبارہ میں ایک انڈسٹریل اسٹیٹ قائم ہوگی۔ ڈیرہ غازی خان میں 60ارب روپے کی لاگت سے 141منصوبے تاریخ کا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی خان کے پہلے دورے میں جن پراجیکٹ کا آغاز کیا ان پر کام جاری ہے، اب نئے پراجیکٹ لائے ہیں۔ میں لاہورمیں صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں کی نمائندگی اوروکالت کر رہا ہوں۔ صوبہ کی ہر تحصیل میں وزیراعلیٰ نے پولیس خدمت مرکزافتتاح اور معائنہ کیا۔ سٹاف نے وزیراعلیٰ کو عوام کیلئے دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ عثمان بزدارسے تونسہ میں پولیس کے شہید سپاہی محمد سلمان کے والد اور بیٹے نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے شہید سپاہی محمد سلمان کے اہل خانہ کیلئے مالی امداد کا چیک دیا۔ وزیراعلیٰ نے تحریک انصاف کے عہدیداروں اورکارکنوں سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے علیحدہ سیکرٹریٹ کیلئے 3 ارب روپے بجٹ میں مختص کر چکے ہیں۔ ہم شوبازی کرتے ہیں نہ زیادہ باتیں کرتے ہیں۔ ہم باتیں کم اور کام زیادہ کرتے ہیں، ڈلیور کریں گے، بہانے نہیں بنائیں گے۔تبدیلی کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ عثمان بزدار عہدیداروں اورکارکنوں میں گھل مل گئے۔ وزیر اعلی نے پنڈال میں کارکنوں کی نشستوں پر جا کر ان سے مصافحہ کیا اور ان کا حال احوال دریافت کیا۔ کارکنوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔ پنڈال میں موجود کارکنوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار زندہ باد کے نعرے لگائے۔ دونوں ٹانگوں سے معذور ایک کارکن بھی اگلی نشست پر موجود تھا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار اس کے پاس پہنچے تو کارکن نے ’’مہئیں سنگت مہئیں سڑدار‘‘(میرا ساتھی، میرا سردار)کہہ کر ان کا خیر مقدم کیا۔ عثمان بزدارنے ورکنگ ویمن کے حقوق کے قومی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ ملک کی تعمیر وترقی کے ساتھ پرامن معاشرے کی تشکیل میں خواتین کے کردار کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کومضبوط اور باوقار بنانے کیلئے خواتین کی عملی میدان میں شرکت نہایت ضروری ہے۔ عثمان بزدارنے حافظ آباد کے قریب ٹریفک حادثے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔

مزیدخبریں