نائجر (اے پی پی) افریقہ میں ان دنوں سینکڑوں مساجد تعمیر ہو رہی ہیں، جن کے لیے سرمایہ زیادہ تر سعودی عرب، ترکی اور ایران مہیا کر رہے ہیں۔حال ہی میں جبوتی میں عبدالحامد دوئم مسجد کا افتتاح ہوا۔ یہ تیرہ ہزار مربع میٹر پر پھیلی مسجد ہے، جہاں چھ ہزار نمازیوں کے لیے جگہ موجود ہے، جب کہ اس کے دو مینار چھیالیس میٹر بلند ہیں۔ اس کی دیواروں پر سلطنتِ عثمانیہ کے دور کی خطاطی ہے۔ مسجد کا گنبد تابنے کی ملمع کاری سے مزین ہے اور مسجد کے اندر ترک مساجد کی نمائندگی کرتا فانوس بتا دیتا ہے کہ یہ مسجد ترکی کی مدد سے بنی ہے۔اس مسجد کی تعمیر میں ترکی کے ڈائریکٹوریٹ برائے مذہبی امور نے سرمایہ مہیا کیا ہے۔ گزشتہ چار دہائیوں میں ترک ادارہ دیانت دنیا بھر، بشمول جبوتی، گھانا، برکینا فاسو، مالی اور چاڈ میں مختلف مقامات پر سو سے زائد اسکولوں اور تعلیمی مراکز کے لیے سرمایہ مہیا کر چکا ہے۔