لاہور (کلچرل رپورٹر)لاہور آرٹس کونسل الحمرا میں ماہوار ادبی و ثقافتی سلسلے ’’کچھ یادیں ،کچھ باتیں ‘‘ کی چوتھی نشست کا انعقاد کیا گیا۔نامور اداکار عرفان کھوسٹ نے حاضرین کے ساتھ اپنی زندگی کے مختلف تجربات و فنی سفر کو شیئر کیا۔چیئر پرسن بورڈ آف گورنرز لاہور آرٹس کونسل الحمرا منیزہ ہاشمی نے اس حوالے سے کہاکہ ’’کچھ یادیں ،کچھ باتیں ‘‘ کا مقصد نوجوانوں کو اپنے لیجنڈ کی خدمات سے مستفید ہونے کا موقع فراہم کرنا ہے،اس نشست سے نوجوان بھر پور استفادہ کر رہے ہیں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا اطہر علی خان نے کہا کہ ڈرامہ میں پاکستان کا دنیا میں ایک منفرد مقام ہے ،الحمرا کے پلیٹ فارم پر زبان وادب کو بھرپور فروغ دیا جا رہا ہے۔ عرفان کھوسٹ نے کہا کہ الحمرا کے اس پروگرام پر میں چیئرپرسن الحمرا منیز ہ ہاشمی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، ہمارے ملک میں اداکاری کے شعبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے،کامیابی کے لئے مسلسل جد وجہد درکار ہوتی ہے، پنجابی زبان کو پوری دنیا میں بولا جاتا ہے اس کا اعزاز نصرت فتح علی خان کو جاتاہے۔انھوں نے ہال میں موجود نوجوانوں کی اخلاقی تربیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خود سے شناسائی حاصل کئے بغیر کوئی بڑی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی،گھریلو زند گی میں اپنی ذمہ دایوں کو نبھانے کے لئے نیک نیتی سے کوشش کی ہے،اگر آپ زندگی میں خود کفیل ہیں تو آپ سے بڑا خوش قسمت کوئی نہیں۔عرفان کھوسٹ نے ہال میں موجود لوگوں کو اپنی گفتگو کے سحر میں جکڑے رکھا۔