لاہور(نمائندہ سپورٹس)سابق کپتان رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ عابد علی کی اننگز دیکھ کرجاوید میانداد کی یاد تازہ ہوگئی۔سری لنکا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز نیشنل سٹیڈیم میںگفتگو کرتے ہوئے رمیز راجہ نے کہا کہ پاکستان ٹیم پر تبصرہ کرنا خطرے سے خالی نہیں یہ ٹیم کسی کو بھی کسی وقت غلط ثابت کرسکتی ہے۔ دو سیشن اتنا برا کھیلتے ہیں کہ میچ ہاتھ سے نکلتا نظر آتا ہے پھر اسی ٹیسٹ میں کم بیک بھی کرلیتے ہیں ،پاکستان ٹیم ایک غیر مستقل مزاج کی حامل ٹیم ہے۔رمیز راجہ نے کہا کہ عابد علی کی اننگز دیکھ کر انہیں جاوید میانداد کی ابتدائی شاندار اننگز یاد آگئیں جو انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف ابتدائی ٹیسٹ میں سنچری بنائی تھی پھر ڈبل سنچری بھی داغ دی تھی، عابد علی نے مشکل وقت میں بڑی اننگز کھیلی۔رمیز راجہ نے کہاکہ اظہر علی اگر پرفارم نہیں کریں گے تو ڈریسنگ روم میں کمزور پڑ جائیں گے ،کپتان کو اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی۔
عابد علی کی اننگز دیکھ کرجاوید میانداد یاد آگئے: رمیز راجہ
Dec 22, 2019