لاہور( نمائندہ سپورٹس ) پنجاب خواتیں فٹ بال ٹیم کے کھلاڑیوں کا قومی ویمن فٹ بال چیمپئن شپ کے فائنل رائونڈ کی تیاری کے سلسلہ میں تربیتی کیمپ آج اتوار سے لاہور میں شروع ہو گا۔ کیمپ میں پنجاب بھر سے 25 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ اور ان کھلاڑیوں کو ہیڈ کوچ شاہد احمد خان کی زیرنگرانی کوچز محمد جاوید اور عظیم خان جدید اور اعلی تربیت دیں گے۔ پنجاب ٹیم 30 دسمبر کو چیمپیئن شپ میں شرکت کے لئے کراچی رووانہ ہوگی۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام قومی ویمن فٹ بال چیمپیئن شپ کا فائنل رائونڈ یکم جنوری سے کراچی میں شروع ہو گا۔ فائنل رائونڈ میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے ایک گروپ میں جفا کلب کراچی، کراچی یونائیٹڈ کلب، پاکستان واپڈا اور گلگت بلتستان جبکہ دوسرے گروپ میں پنجاب، پاکستان آرمی، کراچی ککرز کلب اور دیا کلب شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کے سیمی فائنل مقابلے 10 جنوری کو جبکہ فائنل 12 جنوری کو کھیلا جائے گا۔ پنجاب ٹیم اپنے گروپ میں تین میچ کھیلے گی۔ پنجا ب پہلا میچ یکم جنوری کو کراچی ککرز کلب کے خلاف، دوسرا 4 جنوری کو دیا کلب کراچی کے اور آخری تیسرا میچ 7 جنوری کو پاکستان آرمی کے خلاف کھیلے گی۔
پنجاب خواتیں فٹبال ٹیم کاتربیتی کیمپ آج سے شروع ہو گا
Dec 22, 2019