کراچی (اسپورٹس رپورٹر)سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں پاکستانی اوپننگ جوڑی نے 18 برس بعد 200 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی اور سنچریاں اسکور کیں۔کراچی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم کے اوپنرز شان مسعود اور عابد علی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریاں اسکور کیں اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 278 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔پہلی بار 1997میں عامر سہیل اور اعجاز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یہ کارنامہ سر انجام دیا تھا، دونوں کے درمیان 298 رنز کی ساجھے داری ہوئی تھی۔دو ہزار ایک میں سعید انور اور توفیق عمر نے بنگلادیش کے خلاف سنچریاں اسکور کیں، یہ سعید انور کا آخری اور توفیق عمر کا پہلا ٹیسٹ تھا۔اور اب 18 سال بعد پاکستان کی اوپننگ جوڑی نے سنچریاں اسکور کیں، شان مسعود 135 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 7 چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔قومی ٹیم کے سلامی بلے باز عابد علی ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کرنے والے پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے۔عابد علی نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں ڈیبیو کیا تھا اور ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں انہوں نے سنچری اسکور کی تھی۔عابد علی نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں سنچری اسکور کی تو وہ ون ڈے کے بعد ٹیسٹ ڈیبیو میں سنچری اسکور کرنے والے دنیا کے پہلے مرد کھلاڑی بنے تھے۔اب پنڈی کے بعد کراچی ٹیسٹ میں بھی سنچری کر کے عابد علی پہلے پاکستانی کرکٹر بن گئے ہیں جنہوں نے ڈیبیو کے بعد دوسرے ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کی ہے۔عابد علی سے قبل یہ کارنامہ اظہرالدین، بل پونزفورڈ، ڈاگ والٹرز، ایلون کالی چرن، گریگ بلیویٹ، ساروو گنگولی، روہت شرما اور جمی نیشام بھی انجام دے چکے ہیں۔بھارت کے سابق کپتان اظہرالدین دنیا کے واحد کھلاڑی ہیں جنہوں نے اپنے ابتدائی تین ٹیسٹ میچز میں سنچریاں اسکور کیں۔