کراچی(آئی این پی) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل پرویز مشرف کے کیس پر سیاست ہرگز نہیں ہونی چاہیے۔ ایم کیو ایم کا یہ کہنا کہ جنرل مشرف کے خلاف کارروائی اس لیے کی گئی کہ وہ اردو بولنے والے ہیں، یہ جنرل مشرف کیساتھ انتہائی زیادتی ہے کیونکہ اس بات سے اْن کا قد چھوٹا کریں گے جو انکے ساتھ ظلم ہے۔ آج جنرل پرویز مشرف کے حق میں پوری قوم کیساتھ افواج پاکستان اٹھ کھڑی ہوگئی ہے۔ اگر کسی شخص نے تعصب کی بنیاد پر کوئی بات کی بھی ہے تو غلط کہی ہے ہمیں عوام اور اداروں کا ردعمل دیکھنا چاہیے جو کہ اطمینان بخش ہے۔ ہم جنرل مشرف کے خلاف فیصلے کو مسترد کرتے ہیں۔ اگر آرٹیکل 6 پر عملدرآمد کرنا ہی ہے تو اس کی پوری روح کیساتھ عمل کیا جائے، اس حساب سے کم ازکم 500 افراد کو پھانسی کی سزا ہونی چاہیے، ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفیٰ کمال نے کراچی کے بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کوئی بھی فیصلہ لینے سے پہلے جنرل پرویز مشرف کی ملک کیلئے خدمات کو بھی مدنظر رکھنا ہوگا۔