لاہور + ساہیوال + چیچہ وطنی (نیوز رپورٹر + نمائندہ نوائے وقت + نامہ نگار) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ہم ملک کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں مگر اپوزیشن ملک کو پیچھے دھکیلنے کی سازشیں کر رہی ہے۔ سینٹ اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔ اپوزیشن جو خواب دیکھ رہی ہے اْن کی تکمیل کبھی ممکن نہیں ہوگی۔ عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعظم کی قیادت میں موجودہ حکومت جو اقدام کررہی ہے ماضی میں ان کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ دَورہ ساہیوال کے دوران غاز ی آباد، ہڑپہ اور 190/9 اے ایل کے علاقہ میں تقریبات سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ گورنر پنجاب نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کا کیک کاٹا اور سرور فاؤنڈیشن کی جانب سے غازی آباد میں ہسپتال، سکول اور پینے کے صاف پانی کے لئے فلٹریشن پلانٹ لگانے کا بھی اعلان کیا۔ تقریب میں سابق ایم این اے رائے حسن نواز، سابق ایم پی اے وحید ڈوگر، ڈپٹی کمشنر ساہیوال بابر بشیر، پولیٹکل سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب کاشف اقبال اور دیگر بھی موجود تھے۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مسیحی برادری نے ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے جسے ہر سطح پر سراہا جانا چاہیے، مسیحی برادری کے لئے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں او ر ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ سرور فاؤنڈیشن نے2005 میں رجانہ میں ہسپتال قائم کر کے اپنی خدمات کا آغاز کیا جس سے علاقہ بھر کے غریب افراد کو بہترین علاج فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ رائے علی نواز ہسپتال کے ساتھ بھی سرور فاؤنڈیشن نے شراکت داری قائم کر کے چیچہ وطنی کے عوام کو بھی صحت کی سہولیات فراہم کیں۔ انہوں نے بریگیڈئر شبیر کیانی مرحوم کی خدمات کو سراہا جنہوں نے غازی آباد میں القلم ٹرسٹ قائم کر کے علاقے کے بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کا بیڑا اٹھایا۔
اپوزیشن کی ملک کو پیچھے دھکیلنے کی سازش کامیاب نہیں ہو گی: گورنر پنجاب
Dec 22, 2020