بھارت نے کوئی غیر ذمہ دار نہ حرکت کی تو مناسب جواب ملے گا

 ملتان (نمائندہ نوائے وقت+ سماجی رپورٹر) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قرشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کوتسلیم کرنے کے لئے پاکستان پرکوئی دباؤ نہیں ہے ہماری اپنی پالیسی ہے۔ ہمارے اپنے مفادات ہیں ہم نے اپنی پالیسی اورمفادات کو سامنے رکھ کر ہی فیصلے کرتے ہیں۔ یو اے ای کو کہہ دیا جب تک اسرائیل فلسطینیوں کے حقوق نہیں دیتا اس وقت تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے۔ دورہ دبئی کے دوران مسئلہ کشمیر پر دبئی کے وزیر خارجہ کو اعتماد میں لیا۔ میں یہ ابہام دور کردینا چاہتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان پر ویزہ بندش عارضی ہے جلد ہی یہ بندش ختم ہوجائے گی۔ وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کاکوئی دوسرانعم البدل نہیں۔ یواے ای والے ہوں یا سعودی عرب وہ ہندوستان کو ہمارا متبادل نہیں سمجھتے۔ ہندوستان اس کوشش میں لگاہوا ہے تاہم اسے غلط فہمی سے نکل آنا چاہیے اس کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ یواے ای حکام کو دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔ جلد ہی وہ پاکستان کادورہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے گزشتہ روز حضرت شاہ رکن عالم کے 707ویں عرس کے موقع پر پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدوم زادہ زین حسین قریشی، وزیر مملکت برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی، صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا دنیا کو نوٹس لینا چاہیے کہ ایک ایٹمی طاقت اس خطے کو تباہی کی طرف لے کر جا رہی ہے۔ بھارت کے سرجیکل سٹرائیک اور پاکستان کوکمزورکرنے کی بھارتی کوششوں بارے ان کی سوچ سے غیر ذمہ دارانہ حرکت بھی زیادہ معلومات ہیں۔ لیکن پاکستان امن پسندملک ہے ہم بے جاخون خرابہ اور جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر ایسا ہوا تو اس کا ذمہ دار بھارت ہوگا۔ اس سے خطہ کا امن بھی خراب ہوگا۔ اگربھارت نے سرجیکل سٹرائیک کی کوشش کی توپاکستان کی طرف سے ان کی توقع سے بھی زیادہ سخت بھرپور اور فوری جواب دیاجائے گا۔ اقوام متحدہ کے مبصرین کی گاڑی پر لائن آف کنٹرول پر انڈیا نے فائرنگ کی اقوام متحدہ کو اس کا فوری نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کرونا وائرس کی وبا کی دنیا میں صورت حال گھمبیر ہوتی جا رہی ہیے۔ وبا کی صورت حال کے تناظر میں پی ڈی ایم کو ذاتی مفادات سے نکل کر اب قومی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلہ کرنا چاہیے۔ استعفوں پر پی ڈی ایم انتشار کا شکار ہے۔ دریں اثناء  برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم سہروردی ؒ کے 707 ویں عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے۔ اس موقع پر سجادہ نشین شاہ محمود قریشی نے مزار شریف کو عرق گلاب سے غسل دیا , چادر پوشی کی اور دعا کرائی، کرونا کی وجہ سے تمام تقریبات منسوخ، زائرین کوگھروں پر دعائیں کرنے کی اپیل کی مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہزاروں عقیدت مند کرونا وبا کی وجہ سے حاضری نہیں دے سکے۔انہوں نے دعا کرواتے ہوئے مزید کہا کہ اس وقت مسلمان کشمیر فلسطین میں مصیبت میں ہیں اللہ ان کو مصیبت سے نجات دلوائے عالم اسلام کے خلاف ہونے والی سازشیں ناکام ہوں اور اللہ پاکستان اور ملتان کی خیر فرمائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے اللہ کشمیریوں کو فتح اور ان کے دشمنوں کو شکست عطا فرما۔

ای پیپر دی نیشن