لندن: ڈیڑھ کروڑ پائونڈ کی خریداری کرنیوالی آذری خاتون کے خلاف تحقیقات کا آغاز

لندن (نوائے وقت رپورٹ) آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی شاپنگ کی دلدادہ ضمیرہ حاجی ایوا نے برطانیہ میں ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈز کی خریداری کرکے اپنے لیے قانونی مشکلات کھڑی کرلیں۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ضمیرہ حاجی ایوا نے لندن کی معروف دکان ہیروڈز سے ڈیڑھ کروڑ پاؤنڈز سے زیادہ کی خریداری کی تھی جس میں سٹور کے قریب 12 ملین پاؤنڈز کا گھر اور برکشائر میں گالف کورس بھی شامل ہے۔ خاتون کی مشکلات کا آغاز اس وقت ہوا جب برطانوی پولیس نے اتنی زیادہ شاپنگ کرنے پر ان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ضمیرہ حاجی ایوا آذربائیجان کے ایک سرکاری بینک ملازم کی اہلیہ ہیں اور ان کے زیر حراست شوہر پر کروڑوں پاؤنڈز کی کرپشن کا الزام ہے۔ جائیداد سے متعلق تفتیشی اداروں کی تحقیقات  پر خاتون نے برطانوی عدالت میں ’ان ایکسپلینڈ ویلتھ آرڈر‘ کے خلاف اپیل کی لیکن عدالت نے اپیل مسترد کردی جس کے بعد ممکن ہے کہ وہ لندن میں اپنا 12 ملین پاؤنڈز کی مالیت کا گھر بھی ہار جائیں گی۔ دو سال قبل اس جوڑے کی جائیداد 22 ملین پاؤنڈز سے زیادہ تھی تاہم اب انہیں اپنے اثاثوں کی وضاحت کرنا ہوگی۔ ضمیرہ حاجی ایوا نے کوئی بھی غیر قانونی کام کرنے سے انکار کیا ہے اور نہ ہی ان پر برطانیہ میں کسی جرم میں مرتکب کرنے کا الزام ہے۔

ای پیپر دی نیشن