کلر سیداں شہر کی بہتری کیلئے22 کروڑ ، فی یوسی ساٹھ لاکھ کی گرانٹ 

کلر سیداں (نامہ نگار) پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کلر سیداں شہر کی بہتری کیلئے 22 کروڑ جبکہ فی یونین کونسل 60،60 لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کرتے ہوئے تنظیمی عہدیداروں سے منصوبے طلب کر لئے ۔انہوں نے پیر کے روز ایم سی کلر سیداں میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلر سیداں سٹی میں چھ کروڑ روپے کی لاگت سے جاری بیشتر منصوبوں پر کام مکمل ہو گیا جبکہ سوئی گیس کی فراہمی کیلئے ایک کڑور روپے کے منصوبے تیار ہو کر آ گئے ہیں جن پر آئندہ چند دنوں میں کام شروع ہو جائے گا۔اب تنظیمی عہدیداران فیصلہ کریں گے کہ ان کے منصوبے کہاں کہاں خرچ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ نالہ کانسی کلر سیداں کے پل کی مرمت کا 90 فیصد کام مکمل ہو گیا ہے۔ انہوں نے کلرسیداں شہر میں چالیس کنال پر مشتمل جگہ پر تحصیل ایڈمنسٹریشن کے دفاتر اور سپورٹس جمنازیم تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔کلر سیداں میں سوئی گیس کے کم پریشر میں تیزی لانے کیلئے 9 کروڑ روپے کی لاگت سے ایس ایم ایس سسٹم لگانے کے لئے ملک سہیل اشرف کو جگہ کے انتخاب کی ذمہ داری دے دی۔انہوں نے بتایا کہ نوتھیہ شاہ باغ کی روڈ کی تعمیر و مرمت کیلئے چیف منسٹر ڈائریکٹو جاری ہو گیا ہے جبکہ چھ کروڑ روپے کی لاگت سے گکھڑ ادمال روڈ کی تعمیر تکمیلی مراحل میں ہے جبکہ کلر سیداں تا دانگلی روڈ سمیت دو سڑکوں کی مرمت میں کوالٹی کی شکایات ہیں جس کیلئے انہوں نے انکوائری کا حکم دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہر اور دیہی علاقوں میں برابر کی سطح پر واٹر سپلائی کا پانی تقسیم کیا جائے گا۔ بعد ازاں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم کی تحریکوں سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں وہ مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے جو عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ۔

ای پیپر دی نیشن