سینٹ الیکشن کیلئے اوپن بیلٹنگ ، ریفرنس رواں ہفتے سپریم کورٹ میں دائر ہوگا: اٹارنی جنرل

Dec 22, 2020

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+ آئی این پی) اٹارنی جنرل آف پاکستان خالد جاوید نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کیلئے سپریم کورٹ میں ریفرنس رواں ہفتے دائر کر دیں گے۔ پیر کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید نے کہا کہ اوپن بیلٹ سے سینٹ الیکشن میں شفافیت کے نکتے کو سپریم کورٹ میں اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریفرنس میں حکومت سپریم کورٹ سے سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کرانے کے متعلق رائے طلب کرے گی۔ سینٹ انتخابات اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے معاملے پر  وزیراعظم کی ہدایت پرریفرنس کی تیاری شروع کردی گئی۔ سپریم کورٹ میں ریفرنس رواں ہفتے میں دائر ہونے کا امکان ہے۔  ذرائع کے مطابق ریفرنس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سینٹ انتخابات آئین کے تحت نہیں ہوتے۔ سینٹ کا انتخاب الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت ہوتا ہے۔ سینٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے تحت ہو سکتا ہے۔ اوپن بیلٹ سے سینٹ الیکشن میں شفافیت آئے گی۔ سینٹ میں خفیہ بیلٹنگ سے ارکان کی خریدوفروخت میں کالا دھن استعمال ہوتا ہے۔ خفیہ ووٹنگ کی وجہ سے سینٹ الیکشن کے بعد شفافیت پر سوال اٹھائے جاتے ہیں۔ ریفرنس میں کہا گیا اہم آئینی نکتے پر سپریم کورٹ رائے دے۔

مزیدخبریں