وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار بھی کورونا کا شکار، ٹیسٹ پازیٹو آ گیا

Dec 22, 2020 | 09:54

ویب ڈیسک

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، خود کو گھر پر قرنطینہ کرلیا۔ وہ ضروری سرکاری امور گھر سے سرانجام دیں گے۔

تفصیل کے مطابق پاکستان میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کرنے لگی ہے۔ بلوچستان اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کے بعد اب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔

اتوار کی شام بخار، کھانسی اور دیگر علامات محسوس ہونے پر ٹیسٹ کروایا گیا۔ کورونا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آنے پر وزیراعلیٰ پنجاب نے خود کو اپنی رہائش گاہ پر قرنطینہ کر لیا جبکہ تمام سرکاری اجلاس منسوخ کر دیے گئے ہیں۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار ضروری سرکاری امور گھر سے ہی نمٹاتے رہیں گے۔ ذرائع کے مطابق اتوار کے روز سرکاری طور پر وزیراعلیٰ کا کوئی اجلاس تو نہیں ہوا لیکن وہ نجی اور ذاتی مصروفیات سرانجام دیتے رہے۔ انہوں نے عوام سے جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی ہے۔

ذرائع کے مطابق ایوان وزیراعلیٰ میں کام کرنے والے تمام افسران کے کورونا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے وزیراعلیٰ کے ساتھ گزشتہ ایک ہفتے سے مسلسل رابطے میں رہنے والے صوبائی وزرا کو بھی کورونا ٹیسٹ کروانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دو مہینے کے دوران متعدد صوبائی وزرا کورونا کا شکار رہ چکے ہیں۔ کورونا کا شکار ہونے والوں میں صوبائی وزیر صعنت میاں اسلم اقبال، صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق اعجاز عالم، صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

ان کے علاوہ گوجرانولہ سے پی ٹی آئی کی رکن صوبائی اسمبلی شاہین رضا کا رواں سال مئی میں کورونا کے باعث انتقال ہوا تھا۔ پنجاب اسمبلی کے ایک درجن ارکان اسمبلی کا کورونا ٹیسٹ گزشتہ چھ ماہ کے دوران مثبت آ چکا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور عسکری قیادت نے بھی وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو ٹیلی فون کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ اس کے علاوہ وفاقی اور صوبائی وزرا نے بھی انھیں فون کرکے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں