فضل الرحمن خود سلیکٹڈ ، اگلے 5سال بھی عمران کے ہونگے، مولانا شیرانی

Dec 22, 2020

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین اسلامی نظریہ کونسل مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم ذاتی مفادات کے لیے قائم ہوئی ہے۔ جبکہ وزیراعظم عمران خان اگلے 5 سال بھی پورے کریں گے۔ کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والے مخاصمت کے لیے نہیں مفاہمت کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان خود سلیکٹڈ ہیں، وہ عمران خان کو کیسے کہتے ہیں کہ وہ سلیکٹڈ ہے۔ میرا ماننا ہے کہ یہ پارٹی کسی کی ذاتی جاگیر نہیں۔ اگر کوئی ایسا سوچ رہا ہے تو یہ اس کی خام خیالی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے ساتھیوں سے مشورہ کر کے بلوچستان کے تمام اضلاع میں پارٹی کے دفاتر قائم کروں گا۔ حافظ حسین احمد ہمارا پرانا، عقلمند اور سمجھدار ساتھی ہے، ہم سب کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا میں نے بہت پہلے کہہ دیا تھا کہ عمران خان اپنے پانچ سال مکمل کرے گا۔ آنے والے پانچ سال بھی عمران خان کے ہی ہوں گے۔ دوسری طرف جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی کے مولانا فضل الرحمان پر اچانک الزامات کے بعد جے یو آئی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مولانا شیرانی نے فضل الرحمان کے امیر کے چناؤ کے وقت کوئی اعتراض نہیں کیا تھا، اب ان کی جے یو آئی سے اچانک ناراضی سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ مولانا محمد خان شیرانی کے الزامات کے بعد جے یو آئی نے اعلیٰ سطح کا اجلاس 24 دسمبر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا شیرانی نے جے یو آئی ف کے بلوچستان کے صوبائی امیر کے لیے الیکشن بھی لڑا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جے یو آئی مولانا محمد شیرانی کے بیان کے معاملے کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات بھی کرے گی۔

مزیدخبریں