کورونا کی نئی قسم، سعودی وزارت صحت کی اہم ہدایت

 سعودی وزارت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی کا کہنا ہے کہ مملکت میں ابھی تک کورونا کی نئی قسم کا کوئی مریض سامنے نہیں آیا، مملکت میں کورونا کی نئی قسم کے مریض کی موجودگی کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد عبدالعالی کا کہنا ہے کہ کورونا کی نئی قسم کے بارے میں ماہرین تحقیق کررہے ہیں، نئے وائرس کے جینیاتی مرکب کے حوالے سے مصدقہ رپورٹس کا انتظار ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہری غیر مصدقہ باتوں پر اعتبار نہ کریں، درست خبریں، مصدقہ ذرائع سے ہی حاصل کریں تاکہ کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

وزارت صحت کی جانب سے اس حوالے سے ٹول فری نمبر 937 بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر @saudiMOH937 پر بھی معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں کورونا کی نئی قسم کے باعث ماہرین درست طور پر تشخیص نہیں کرسکے ہیں، سعودی عرب سمیت بیشتر ممالک نے احتیاطی طور پر بین الاقوامی سفر پر پابندی عائد کردی ہیں۔

سعودی حکام کا کہنا تھا کہ پروازیں معطل کرنے کا فیصلہ مہلک وبا کرونا وائرس کی حالیہ صورتحال کے پیش نظر کیا گیا اور ساتھ ساتھ حکومت نے زمینی اور سمندری راستے بھی عارضی طور پر بند کردئیے۔

سعودی وزارت داخلہ کا کہنا تھا کہ ایسے افراد جو گزشتہ 3 ماہ کے اندر کسی یورپی یا ایسے ملک سے آئے ہیں جہاں یہ وبا پھیلی ہے انہیں چاہئے کہ وہ فوری طور پر کورونا ٹیسٹ کروائیں۔

ای پیپر دی نیشن