ملتان(نمائندہ نوائے وقت) وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قرشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کوتسلیم کرنے کے لئے پاکستان پرکوئی دباؤ نہیں ہے ہماری اپنی پالیسی ہے ہمارے اپنے مفادات ہیں ہم نے اپنی پالیسی اورمفادات کو سامنے رکھ کر ہی فیصلے کرتے ہیں۔یو اے ای کو کہہ دیا جب تک اسرائیل فلسطینیوں کے حقوق نہیں دیتا اس وقت تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کرسکتے۔دورہ دبئی کے دوران مسئلہ کشمیر پر دبئی کے وزیر خارجہ کو اعتماد میں لیا۔میں یہ ابہام دور کردینا چاہتا ہوں کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستان پر ویزہ بندش عارضی ہے جلدہی یہ بندش ختم ہوجائے گی۔ میرے حالیہ یواے ای کے دورہ کے موقع پردبئی کے حکمرانوں اوریواے ای کے وزیرخارجہ سے طویل نشست ہوئی جس میں ویزہ اوردیگرمعاملات پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔وہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کاکوئی دوسرانعم البدل نہیں۔یواے ای والے ہوں یاسعودی عرب وہ ہندوستان کوہمارامتبادل نہیں سمجھتے ،ہندوستان اس کوشش میں لگاہواہے تاہم اسے غلط فہمی سے نکل آناچاہیے اس کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔یواے ای حکام کودورہ پاکستان کی دعوت دی ہے جلد ہی وہ پاکستان کادورہ کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہو ںنے گزشتہ روز حضرت شاہ رکن عالم کے 707ویں عرس کے موقع پر پیر کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی‘ وزیر مملکت برائے سیاسی امور ملک عامر ڈوگر‘ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات ندیم قریشی‘ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔انہوں نے کہا دنیا کو نوٹس لینا چاہیے کہ ایک ایٹمی طاقت اس خطے کو تباہی کی طرف لے کر جارہی ہے۔بھارت کے سرجیکل سٹرائیک اورپاکستان کوکمزورکرنے کی بھارتی کوششوں بارے ان کی سوچ سے بھی زیادہ معلومات ہیں۔ لیکن پاکستان امن پسندملک ہے ہم بے جاخون خرابہ اورجنگ نہیں چاہتے لیکن اگرایسا ہواتواس کاذمہ دار بھارت ہوگا۔اس سے خطہ کاامن بھی خراب ہوگا۔اگربھارت نے سرجیکل سٹرائیک کی کوشش کی توپاکستان کی طرف سے ان کی توقع سے بھی زیادہ سخت بھرپوراورفوری جواب دیاجائے گا۔ اقوام متحدہ کے مبصرین کی گاڑی پرلائن آف کنٹرول پرانڈیانے فائرنگ کی اقوام متحدہ کواس کافوری نوٹس لیناچاہیے۔انہوں نے کہا کورونا وائرس کی وبا کی دنیا میں صورت حال گھمبیرہوتی جارہی ہیے۔برطانیہ ،جرمنی اوردیگرممالک نے اپنے ایس اوپیزتبدیل کرنے شروع کردیئے ہیں کورونا وائرس پہلے سے زیادہ خطرناک ہوتاجارہاہے پاکستان بھی دنیا سے الگ تھلگ ہیں ہوسکتابھارت اورکورونا وائرس کی وباکی صورت حال کے تناظرمیں پی ڈی ایم کوذاتی مفادات سے نکل کراب قومی مفادات کوسامنے رکھ کرفیصلہ کرناچاہیے۔
ملتان ( سماجی رپورٹر ) برصغیرپاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم سہروردی ؒ کے 707 ویں عرس مبارک کی تقریبات کا آغاز ہو گیا ہے - اس موقع پر سجادہ نشین شاہ محمود قریشی نے مزار شریف کو عرق گلاب سے غسل دیا , چادر پوشی کی اور دعا کرائی، کرونا کی وجہ سے تمام تقریبات منسوخ، زائرین کوگھروں پر دعائیں کرنے کی اپیل کی - تفصیلات کے مطابق برصغیر پاک و ہند کے عظیم روحانی پیشوا حضرت شاہ رکن الدین عالم کے 707 ویں عرس کے موقع پر سجادہ نشین وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزار شریف کو عرق گلاب سے غسل دیا اور چادر پوشی کی - اس موقع پر وزیرمملکت عامر ڈوگر، پارلیمانی سیکرٹری زین قریشی ، اسپیشل کوارڈینیٹر وزیراعلیٰ پنجاب جاوید اختر انصاری , ڈپٹی کمشنر عامر خٹک اور دیگر موجود تھے، اس موقع پر دعا کرواتے ہوئے مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہزاروں عقیدت مند کرونا وبا کی وجہ سے حاضری نہیں دے سکے۔ عقیدت مند اپنے اہل خانہ کے ہمراہ اپنے گھروں میں رہ کر دعا میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہاہے کہ دنیاوی اقتدار عارضی جبکہ روحانی اقتدار ابدی ہے اولیائ اللہ کے آستانوں سے محبت ، اخوت، صبر اور حوصلے کا درس ملتا ہے اور یہ ان آستانوں کی خوبصورتی ہے کہ یہ نفرت کو دفن کرتے ہیں اور محبت کو فروغ دیتے ہیں - انہوں نے دعا کرواتے ہوئے مزید کہا کہ اس وقت مسلمان کشمیر فلسطین میں مصیبت میں ہیں اللہ ان کو مصیبت سے نجات دلوائے عالم اسلام کے خلاف ہونے والی سازشیں ناکام ہوں اور اللہ پاکستان اور ملتان کی خیر فرمائے - انہوں نے مزید کہا کہ اے اللہ کشمیریوں کو فتح اور ان کے دشمنوں کو شکست عطا فرما ۔