امریکی سائنسدانوں نے چوہوں پر تجربات کے بعد بتایا کہ اگر روزانہ زیادہ مقدار میں پانی پیا جائے تو اس سے موٹاپے کا باعث بننے والا ایک ہارمون 'ویسوپریسن' قابو میں رہتا ہے۔
یہ تحقیق یونیورسٹی آف کولوراڈو کے سائنسداں مگیل اے لاناسپا کی سربراہی میں کی گئی جس کی تفصیلات آن لائن ریسرچ جرنل جے سی آئی انسائیٹ کے تازہ ترین شمارے میں شائع ہوئی ہیں۔
تحقیق سے معلوم ہوا کہ جن چوہوں کو چند دن تک روزانہ سادہ پانی کی زیادہ مقدار پلائی گئی، ان میں ویسوپریسن کی کارکردگی واضح طور پر کم رہی جس کی وجہ سے ان چوہوں میں استحالہ کے دوران چکنائی ہضم ہونے کی شرح بھی بہتر ہوئی۔
اگرچہ یہ تجربات چوہوں پر کئے گئے ہیں تاہم امید ہے کہ زیادہ پانی پینے کے تقریباً یہی اثرات انسانوں میں بھی دیکھے جاسکیں گے۔ اس ضمن میں انسانی آزمائشوں کی تیاری بھی شروع کر دی گئی ہے۔