سرخ مرچ کا استعمال دل اور کینسر سےہونے والی اموات کو کم کرسکتا ہے، تحقیق

Dec 22, 2020 | 15:31

ویب ڈیسک

سرخ مرچ کا استعمال دل اور کینسر سےہونے والی اموات کو کم کرسکتا ہے، سرخ مرچ کا کم استعمال کرنے والوں کے مقابلہ میں زیادہ مرچیں کھانے والے افراد میں شرح اموات کم ہے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی حالیہ تحقیق کے مطابق ماضی میں کی گئی تحقیقات میں تسلیم کیا گیا تھا کہ سرخ مرچ میں موجود کیلپساسین انسان کو دل اور کینسرکے امراض سے تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دوران خون کی بہتری میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے۔ حالیہ تحقیق کے دوران ماضی کی تحقیقات کے نتائج کے تفصیلی جائزہ کے بعد امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ سرخ مرچ کے باقاعدہ استعمال سے دل اورکینسر وغیرہ کے امراض سے ہونے والی اموات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔ دوران تحقیق چین، امریکہ، اٹلی اور ایران کے 5 لاکھ70ہزار افراد کے اعدادوشمار اور سرخ مرچ کے استعمال کی شرح کے بعد طبی ماہرین نے کہا ہے کہ مرچیں کم کھانے والے افراد کے مقابلہ میں سرخ مرچ کا زیادہ استعمال کرنے والے افراد میں دل کے امراض سے مرنے کی شرح26فیصد جبکہ کینسر سے مرنے کی شرح23 فیصد اوردیگر امراض سے مرنے کی شرح25فیصد تک کم ہے۔ امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن کی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈاکٹربویو نے اس حوالہ سے کہا ہے کہ دوران تحقیق سرخ مرچ استعمال کرنے والوں کی کم شرح اموات کے اعدادوشمار حیران کن ہیں تاہم اس حوالہ ےس ماضی میں بھی 4729مختلف تحقیقات کی جاچکی ہیں جن میں سے کئی جامع تحقیقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی تحقیقات اور حالیہ تحقیق کے نتائج حیران کن ہیں جن کے مطابق سرخ مرچ استعمال کرنے والے افراد میں شرح اموات دیگر افراد کے مقابلہ میں انتہائی کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

مزیدخبریں