کراچی ( کامرس رپورٹر ) ایف بی آر پوائنٹ آف سیل سے منسلک ریٹیلرز دکانداروں کی جانچ پڑتال شروع ہو گئی ۔تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے مختلف شاپنگ مالز میں دکانداروں (ریٹیلرز)کے پوائنٹ آف سیل پر سیلز ٹیکس کیلئے ایپلی کیشن ڈائون لوڈ کی گئی ہے جس سے منسلک ہو کر کسٹمرز کی کسی بھی چیز کی خریداری پر لاگو سیلز ٹیکس کی انٹری ازخود ہو جائیگی اور صارف پکی رسید حاصل کر سکیں گے اس سلسلے میں کمشنر سیلز ٹیکس مریم حبیب نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف شاپنگ سینٹرز کا دورہ کیا اور ریٹیلرز کے پوائنٹ آف سیلز پر ایپلی کیشن چیک اور ڈیٹا اکٹھا کیا اس موقع پر انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں شکایات موصول ہوئی تھیں کہ ریٹیلرز سیلز کے وقت آف لائن ہوجاتے ہیں جس پر جانچ پڑتال کی گئی ہے انہوں نے ہدایت کی کہ ایف بی آر کی گائڈ لائن کے مطابق صارفین کو پکی رسید فراہم کی جائے اور آف لائن ہونے سے گریز کیا جائے ورنہ بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا فیڈرل بورڈ آف رونیو معیشت کے استحکام کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہا ہے ۔