پریانتھا کی یاد میں تعزیتی ریفرنس‘ ایک لاکھ ڈالر عطیات ‘ وظائف کا اعلان 

Dec 22, 2021


اسلا م آباد (خصوصی نامہ نگار) پاکستان ہائی کمشن کینیڈا سری لنکن شہری کی یاد میں ٹورنٹو میں آن لائن تعزیتی ریفرنس میں ایک لاکھ ڈالر کے عطیات و وظائف کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ میں ایک پرتشدد ہجوم کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سری لنکا کے شہری پریانتھا کمارا کی یاد اور ان کے خاندان کے ساتھ ہمدردی اور سری لنکن عوام کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کے اظہار کے لیے پاکستان نژاد شہریوں کی جانب سے ایک آن لائن تعزیتی میموریل کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں متوفی کی بیوہ اور بچوں کے لیے لگ بھگ ایک لاکھ ڈالر کے عطیات و وظائف کا اعلان کیا گیا۔ سولہ ہزار ڈالر موقع پر ہی سوگوار خاندان کے اکائونٹ میں منتقل کر دیئے گئے۔ عظیم رضوی اور ڈاکٹر رابعہ رضوی کے علاوہ قونصل جنرل آف پاکستان ٹورنٹو عبد الحمید، پریانتھا کمارا کی بیوہ نلوشی دسیاناکے، سری لنکن ٹیم ایمبسڈر چمندا ہیٹی آراچی، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) کے شریک بانی اور رو چانسلر سید بابر علی شاہ، لمز کے عبوری پرووسٹ ڈاکٹر طارق جدون کے علاوہ کینیڈا کی رکن پارلیمنٹ سلمی زاہد اور اقرا خالد اور انٹاریو صوبے کے وزیر برائے ڈیجیٹل گورنمنٹ کلید رشید اور مارکھم شہر کے کونسلر خالد عثمان سمیت سیالکوٹ واقعہ میں آنجہانی پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ وزیر اعظم خود اس افسوس ناک واقعہ کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

مزیدخبریں