لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر آبپاشی محسن لغاری نے پنجاب اور سندھ کے درمیان پانی کے تنازعہ کو سیاسی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قراردادیں پاس کرنے کے بجائے پانی کے مسئلے پر مل کر بات کریں، پنجاب کسی صوبے کے بجائے اپنے حصے کا پانی استعمال کرتاہے۔ اسمبلی کے ایوان میں سرکاری افسران کے بڑے بڑے بنگلوں کی بازگشت، بڑی بڑی کوٹھیوں کے بجائے ایک ایک کنال کے بنگلے دینے کی تجویز، وزراء کی عدم حاضری پر ڈپٹی سپیکر برہم ہو گئے سخت الفاظ میں تنبیہ کرتے ہوئے کل اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی رولنگ دیدی۔ وہ گذشتہ پنجاب اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران گریٹر تھل کینال کی تعمیر سے متعلق سوال کا جواب دے رہے تھے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے40منٹ کی تاخیر سے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس محکمہ آبپاشی کے متعلقہ سوالوں کے جوابات پارلیمانی سیکرٹری نے دئیے۔گریٹر تھل کینال کے حوالے سے سندھ کے اعتراضات سے متعلق دیگر سوالات پر محسن لغاری نے کہا کہ گریٹر تھل کینال کا ایک فیز بنا تھا، اپنے حصے کا پانی لینے کے لیے ہمارے پاس سٹرکچر موجود نہیں تھا، فیز ٹو وفاق نے بنا کر دینا تھا لیکن ہم نے اپنے وسائل سے فیز ٹو پر کام کیا ہے، پنجاب واحد صوبہ ہے جو اپنے واٹر ریسورس پر کام کر رہا ہے۔ پنجاب اسمبلی نے تبلیغی جماعت کے حق میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ یہ قرارداد مسلم لیگ (ق) کی رکن اسمبلی خدیجہ عمر نے پیش کی۔ پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر حسن مرتضی اور ن لیگ کے رکن سمیع اللہ خان نے نکتہ اعتراض پر قرارداد میں واحد کا لفظ تبدیل کرنے کی درخواست کی۔ پرویز الہی نے قرارداد سے واحد تبلیغی جماعت سے واحد لفظ کی ترمیم کر دی۔ لیگی رکن سمیع اللہ خان نے تبلیغی جماعت کو دہشتگردی سے جوڑنے کی مذمت کر دی۔ سمیع اللہ خان نے کہا کہ سعودی حکومت نے تبلیغی جماعت پر پابندی لگا کر دہشتگردی سے جوڑا گیا ہے، سعودی حکومت کے فیصلے کو پاکستان بنگلہ دیش اور اسلامی ممالک غوروخوض سے دیکھ رہے ہیں، تبلیغی جماعت دہشت گرد نہیں ہے۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تبلیغی جماعت اور دیگر دینی جماعتیں اسلام کی دعوت و تبلیغ کا فریضہ سر انجام دے رہی ہیں۔ تبلیغی جماعت منظم اور عالمی جماعت ہے، یہ قرآن و سنت کے مطابق کام کر رہی ہیں۔ تبلیغی جماعت کا دہشت گردی سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں، تاریخ گواہ ہے کہ یہ لوگ آج تک کبھی کسی ایسے کام میں ملوث نہیں رہے۔ یہ تو اسلام اور امن کے سفیر ہیں اور پاکستان کے لیے قابل فخر اثاثہ ہیں جو پوری دنیا میں تبلیغ سے اسلام سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ یہ ایسی جماعت ہے جس میں تمام طبقے کے لوگ شامل ہیں، تبلیغی جماعت نے غریب اور امیر کی تفریق ختم کر کے بھائی چارے کا عملی ثبوت دیا۔ قرارداد کی کسی ممبر نے مخالفت نہیں کی۔ بعدازاں یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے دینی جماعتوں کی خدمت کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جو دیگر جماعتیں اسلام کی خدمت کیلئے کام کررہی ان کی خدمات کوبھی سراہتے ہیں۔ صحافی کالونی کی طرز کی پنجاب اسمبلی کے ممبرز کیلئے رہائشی ہائوسنگ سکیم بنانے کے مطالبہ کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔ پنجاب اسمبلی میں سرکاری افسران کی بڑی بڑی رہائش گاہوں کی گونج بھی سنائی دی۔ لیگی رکن میاں طاہر نے نقطہ اعتراض پر معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ صوبے میں سرکاری افسران 12 ایکڑ کی رہائش گاہوں میں رہتے ہیں۔ حکومت سرکاری افسران کو بڑی بڑی رہاش گاہوں کی بجائے ایک کنال کی کوٹھیاں بنا کر دے۔ بڑی رہائش گاہوں پر پبلک پارکس بنا کر عوام کے کیلئے مختص کیا جائے۔ پارلیمانی سیکرٹری نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ صوبے میں سرکاری افسران بڑی رہائش گاہوں میں رہتے ہیں۔ چھوٹی رہائش گاہیں دینے کے لیے قانون میں ترمیم کرنا ہوگی۔ جس پر ڈپٹی سپیکر کا کہنا تھا کہ آپ اس سسٹم کو تبدیل کرنے کے لیے ترمیم کر لیں۔ پنجاب اسمبلی میں نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈ اکنامکس لاہور ترمیمی بل 2021 کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب پبلک ریپریزینٹیٹیو لاز ترمیمی بل 2021ئ، یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کا ترمیمی بل 2021، یونیورسٹی آف راولپنڈی بل 2021ئ، دی نور انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور ترمیمی بل 2021ئ، دی سالار یونیورسٹی بل 2021ء ایوان میں پیش کئے گئے جو متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کرتے ہوئے دو ماہ میں رپورٹس طلب کرلی گئیں۔
پنجاب ،سندھ میں پانی تنازعہ سیاسی،محسن لغاری تبلیغی جماعت کے حق میں قرار داد،بل منظور
Dec 22, 2021