اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار) پاکستان ہائی کمیشن کینیڈاسری لنکن شہری کی یاد میں ٹورنٹو میں آن لائن تعزیتی ریفرنس میں ایک لاکھ ڈالر کے عطیات و وظائف کا اعلان۔تفصیلا ت کے مطا بق سیالکوٹ میں ایک پرتشدد ہجوم کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے سری لنکا کے شہری پری آنتھا کمارا کی یاد اور ان کے خاندان کے ساتھ ہمدردی اور سری لنکن عوام کے ساتھ ہمدردی اور یک جہتی کے اظہار کے لیے کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مقامی پاکستان نڑاد شہریوں کی جانب سے ایک آن لائن تعزیتی میموریل کا اہتمام کیا گیا جس میں متوفی کی بیوہ اور بچوں کے لیے لگ بھگ ایک لاکھ ڈالر کے عطیات اور وظائف کا اعلان کیا گیا جن میں سے ابتدائی طور پر سولہ ہزار ڈالر موقع پر ہی سوگوار خاندان کے اکاونٹ میں منتقل کر دیے گئے۔پیپل ٹو پیپل کمپین کے تحت ٹورنٹو میں منعقد ہونے والے اس ورچوئل تعزیتی ریفرنس میں میزبان عظیم رضوی اور ڈاکٹر رابیعہ رضوی کے علاوہ قونصل جنرل آف پاکستان ٹورنٹو عبد الحمید،پری آنتا کمارا کی بیوہ نلوشی دسیاناکے،سری لنکن ٹیم ایمبسڈر چمندا ہیٹی آراچی، لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز(لمز) کے شریک بانی اور رو چانسلر سید بابر علی شاہ،لمز کے عبوری پرووسٹ ڈاکٹر طارق جدون کے علاوہ کینیڈا کی رکن پارلیمنٹ سلمی زاہد اور اقرا خالد اور انٹاریو صوبے کے وزیر برائے ڈیجیٹل گورنمنٹ کلید رشید اور مارکھم شہر کے کونسلر خالد عثمان سمیت سیالکوٹ واقعہ میں متوفی پری آنتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ قونصل جنرل پاکستان عبد الحمید ، لمز کے عبوری پرووسٹ ڈاکٹر طارق جدون نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور وزیر اعظم عمران خان نے یکسان طور پر سیالکوٹ واقعہ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور وزیر اعظم خود اس افسوس ناک واقعہ کی تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ میزبان عظیم رضوری نے اعلان کیا کہ مرحوم پری آنتھا کمارا کے کسی بھی بچے کی لمز یونیورسٹی میں تعلیم کے لیے ایک مکمل سکالرشپ دیا جائے گا جسے زینب عظیم گِو پری آنتھا سکالرشپ کا نام دیا جائے گا ۔ پری آنتھا کمارا کی بیوہ اور بڑے بیٹے نے بھی خطاب کیا اور فنڈ ریڈنگ کے منتظمین اور شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کوشش کو انسانیت کو جوڑنے کوشش قرار دیا۔