لاہور (کامرس رپورٹر) رئیل اسٹیٹ کنسلٹنٹس ایسوسی ایشن ڈی ایچ اے اسلام راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری اور پنجاب فیڈریشن آف ریٹیلرز کے نائب صدر محمد احسن ملک نے وزیراعظم عمران خان‘ مشیر خزانہ شوکت ترین سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک میں رائل اسٹیٹ سیکٹر کو بحران سے بچانے کیلئے فوری طور پر اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس امر کا اظہار نوائے وقت کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے انہوں نے کہا کہ یکم دسمبر 2021ء کو ایف بی آر نے پراپر ویلیو ایشن کا ٹیبل جاری کیا جس کیلئے ایف بی آر نے سٹیک ہولڈرز سے کوئی مشاورت نہیں لی بلکہ انکم ٹیکس انسپکٹر حضرات نے انٹرنیٹ اور اپنی جان پہچان کے لوگوں سے پوچھ کر ویلیو ایشن ٹیبل بنا کر ایف بی آر کو بھجوا دیا جس کا انہیں چیک کئے بغیر ایف بی آر نے اس ویلیو ایشن ٹیبل کا ایس آر او جاری کر دیا۔ رئیل اسٹیٹ سیکٹر نے اس ویلیو ایشن ٹیبل پر فوری طور پر تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم نے مشاورت نہیں لی گئی پہلے ہمیں اعتماد میں لیکر مشاورت کی جاتی پھر ویلیو ایشن ٹیبل جاری کیا جاتا انہوں نے کہا کہ ویلیو ایشن ٹیبل میں مارکیٹ ریٹ سے پراپرٹی ریٹس میں 100 فیصد سے 800 فیصد کا اضافہ کر دیا گیا یہ ریٹس اتنے زیادہ تھے کہ جہاں ٹیکس دہندگان جو پراپرٹی میں سرمایہ کاری کرتے ہیں یا اپنے لئے گھر خریدنا چاہتے ہیں ان کی ٹیکس ریٹرن اس بات کی اجازت نہیں دیتی کیونکہ ان کے پاس اتنی مہنگی پراپرٹی خریدنے کیلئے سرمایہ ہی نہیں ہے یہ نظام ہماری حکومتوں اور بیورو کریسی نے اپنایا ہوا ہے جس میں لوگ اچھے رہتے ہیں جب ایف بی آر نے نئے ریٹس متعارف کرائے تو 2 دسمبر 2021ء کو ہماری ایسوسی ایشن نے اس کے خلاف آواز بلند کر دی اور فوری طور پر سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ میں پٹیشن دائر کر دی اور قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں ہم نے 10 سینٹرز اور چیئرمین ایف بی آر کی موجودگی میں اس کی کھلی مخالف کی۔ الحمد اللہ! اس اجلاس میں حکومتی سینیٹرز اور لیڈر آف ہاؤس نے ہمارے مؤقف کی تائید کی اجلاس میں چیئرمین نے رولنگ دی کہ ایف بی آر اس ایس آر او کو واپس لے اور تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے نئے ریٹس مقرر کئے جائیں جو کہ حقیقت پسندانہ‘ معقول اور قابل عمل ہوں۔
مشیر خزانہ رائل اسٹیٹ سیکٹر کو بحران سے بچانے کیلئے کردار ادا کریں: احسن ملک
Dec 22, 2021