ووٹر لسٹ تصدیقی عمل کے دورانیے میں توسیع کی جائے‘ کنور نوید جمیل


کراچی(نیوز رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوںکی تصدیق کا پروگرام اچھی نیت سے دیا تھا لیکن اس کے نتائج حاصل نہیں ہوئے جیسے ہونے چاہئے تھے الیکشن کمیشن نے ووٹر لسٹوں کی تصدیق کیلئے دیگر محکموں سے جو اسٹاف لیا تھا وہ تر بیت یافتہ نہیں ،اسٹاف کو کام کی اہمیت کا اندازہ نہیںاور اسٹاف کی تعداد بھی کم ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہادر آباد مرکز پر اراکین رابطہ کمیٹی کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کنور نوید جمیل نے مزید کہا کہ کراچی،حیدر آباد ،میر پور خاص اور دیگر سندھ کے شہری علاقوںمیں آج ووٹر لسٹوں میں اندراج کا آخری دن ہے لیکن الیکشن کمیشن کا عملہ ابھی تک عوام کے گھروں تک نہیں پہنچا ہے،ایک بلاک میں گھرانوں کی تعداد 250سے300ہے اور اسٹاف کو صرف 10سے15فارم13 دئیے گئے ہیںجبکہ ہر خاندان کاالگ فارم ہوتا ہے اور کراچی میں ایک بہت بڑی تعداد کرائے کے گھروں میں رہتی ہے انکونادرہ میں پتہ تبدیل کروانے کیلئے بہت مشکلات درپیش ہیں فیس اتنی ہے کہ ایک غریب آدمی جو کرائے کے گھرمیں رہتا ہے وہ اپنے گھر کے تمام افراد کے شناختی کارڈمیں پتہ تبدیل کرانے کی فیس کیسے اداکرسکتا ہے غریب آدمی یا تو فیس ادا کرے یا اپنے گھر کے اخراجات پورے کرے اور جو لوگ فیس ادا کر رہے ہیں انہیں بھی شناختی کارڈ وقت پر نہیں دیا جارہا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو دو خطوط لکھے ہیں اس میں ہم نے واضع کیا ہے کراچی اورسندھ کے شہری علاقوں کے عوام کو پیش آنے والے مسائل سے آگاہ کیا ہے اور کہا ہے کہ اندراج واخراج اورتصیح کے اس مرحلے میں ایک ماہ کی توسیع کی جائے ،ٹریننگ یافتہ اسٹاف کی نفری کو بڑھایا جائے کیونکہ الیکشن کمیشن نے بڑی نیک نیتی سے ووٹر لسٹوں کے اندراج کاکام شروع کیا تھالیکن ووٹر لسٹیں اسٹاف کے پاس پرانی ہیں کسی کے پاس 2013کی ہے توکسی کے پاس 2018کی،کراچی میں نیو کراچی ،نارتھ ناظم آباد ،گلستان جوہر ،بلدیہ ٹائون ،اورنگی ٹائون،ناظم آباد،لانڈھی،کورنگی،اورشاہ فیصل سمیت کئی علاقوں میں الیکشن کمیشن کاعملہ نہیںپہنچااورآج آخری دن ہے اوراگر ووٹر لسٹوں کی تصیح کے عمل کو نہیں بڑھایا گیا تویہ ساری محنت رائیگاں جائیگی،ہم نے الیکشن کمیشن کو وہ سارے مسائل بتادئے ہیں جو ہم آج میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچا رہے ہیںتصیح کے اس عمل کوبڑھایا جائے ورنہ اس مہم کا مقصد فوت ہوجائیگا۔کنور نویدجمیل نے مزید کہا کہ کے ڈی اے کا عملہ گلستان جوہر بلاک 2اور دیگر علاقوں میں کے ڈی اے سے لیز شدہ مکانات کو بغیر کسی لوٹس کے عدالت کا بہانہ بناکر لوگوں کی زندگی بھر کی جمع پونجی کو منہدم کرنے کی کوشش کر رہا ہے جس پر ہمیں تشویش ہے،عدالت عظمیٰ اس کا نوٹس لے اور متاثرین کو انصاف دلائے۔ 

ای پیپر دی نیشن