اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)حبیب بینک لمیٹڈ اور چائنا مشینری انجینئرنگ کوآپریشن کے درمیان زرعی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہو گیا ہے، اس حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط بھی طے پا گئے ہیں۔مفاہمتی یادداشت پر دستخط لاہور میں سی پیک انڈسٹریل کوآپریشن کے حوالے سے ’’بزنس ٹو بزنس‘‘ سرمایہ کاری کانفرنس کے اختتام پر کئے گئے۔ سرمایہ کاری بورڈ نے پنجاب حکومت کے اشتراک سے لاہور میں ’’بزنس ٹو بزنس‘‘ کانفرنس کا انعقاد کیا ۔ وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن اور وفاقی سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ فارینہ مظہر مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال ،وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سی پیک خالد منصور، پاکستان میں چین کے سفیر ہیونگ رونگ ، چین میں پاکستانی سفیر معین الحق اور اعلی حکام نے شرکت کی۔ وزیر مملکت و چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ سی پیک منصوبہ صنعتی تعاون کی ترقی کے ساتھ ساتھ تیسرے فریق کی شراکت کے لئے بھی وسیع مواقع رکھتا ہے۔ چین سمیت دیگر ممالک کی تاجر برادری کو پاکستان کے اقتصادی شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے کے لئے آگے آنا چاہئے ۔فارینہ مظہر نے شرکائکو بتایا کہ "پاکستان ریگولیٹری ماڈرنائزیشن انیشیٹو" جیسا پلیٹ فارم پاکستان میں حکومت کے کثیر جہتی سطحوں پر ریگولیٹری منظر نامے کو تبدیل کرنے کے طریقہ کار کے ساتھ قائم کیا گیا ہے ۔