نئی دلی (اے پی پی) بھارت نے پنجاب سیکٹر میں اپنا میزائل دفاعی نظام S-400 نصب کرنا شروع کر دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق روزنامہ انڈیا ٹوڈے نے اعلیٰ سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ S-400 میزائل دفاعی نظام کا پہلا سکواڈرن پنجاب سیکٹر میں نصب کیا جا رہا ہے۔ روس نے بھارت کو S-400 میزائل دفاعی نظام کی فراہمی شروع کر دی ہے جس کا پہلا یونٹ مغربی محاذ کے قریب تعینات کیا جائیگا۔ یہ اعلان روسی فیڈرل سروس فار ملٹری ٹیکنیکل کوآپریشن کے ڈائریکٹر دمتری شوگیف نے دبئی ائر شو میں کیا۔ ذرائع کے مطابق S-400 سکواڈرن کا پہلا حصہ بھارت پہنچنا شروع ہو چکا ہے اور اسے ایسی جگہ پر نصب کیا جائیگا جہاں سے وہ پاکستان اور چین کی فضائی حدود دونوں سے خطرات کا مقابلہ کر سکے۔ پہلے سکواڈرن کی ترسیل رواں ماہ کے آخر تک مکمل ہو جائے گی اور اس کی تعیناتی کے بعد بھارتی فضائیہ مشرقی محاذ کی طرف توجہ مرکوز کرنا شروع کر دے گی۔