ایون فیلڈر یفرنس ، نیب کی استدعا پر اسلام آباد ہا ئیکورٹ میں سماعت ملتوی

اسلام آباد (وقائع نگار + نوائے وقت رپورٹ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کی اپیلوں میں نیب پراسیکیوٹر کی طرف سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔  مریم نواز اور کیپٹن صفدر اپنے صاحبزادے جنید صفدر اور پارٹی رہنماؤں کے ساتھ جبکہ مریم نواز کے وکیل عرفان قادر جبکہ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی عدالت پیش ہوئے۔ جسٹس عامر فاروق نے عرفان قادر ایڈووکیٹ سے کہاکہ آج التواء  کی درخواست آئی ہے، عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہاکہ کس کی جانب سے التواء کی درخواست آئی ہے، جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ نیب پراسیکیوٹر کی طبیعت ناساز ہے، ان کے منہ کا ذائقہ چلا گیا ہے،  نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ پراسیکیوٹر عثمان غنی کی طبیعت ناساز ہے اسی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہو سکے۔ عرفان قادر ایڈووکیٹ نے کہا کہ جو آثار بتائے جا رہے ہیں وہ کوویڈ کے ہیں، اللہ خیر کرے، نیب کی التواء کی درخواست پر مجھے کوئی اعتراض نہیں ہے، عدالت نے بغیر کارروائی سماعت 18 جنوری تک کیلئے ملتوی کردی۔ علاوہ ازیں مریم نواز نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان پر اس سے بھی برا وقت آنے والا ہے۔ کے پی کے کے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علمائے اسلام نے اہم کردار ادا کیا۔ کے پی کے بلدیاتی انتخابات جیتنے پر جے یو آئی فضل الرحمن کو مبارکباد پیش کرتی ہوں، کے پی کے میں جو ترقیاتی کاموں پر کام ہونا تھا نہیں ہوسکا، ایک بی آر ٹی پر کام ہوا، بی آر ٹی چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے، عمران خان کی کارکردگی کو دنیا کی کوئی طاقت سپورٹ نہیں کرسکتی۔ مریم نواز نے کہاکہ نواز شریف جلد وطن واپس آئیں گے، نواز شریف وطن واپسی کے لیے بے قرار ہیں، مشرف کو قدرت نے سزا دی، اس نے آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا، مشرف کا پاکستان سے نام و نشان مٹ گیا، مشرف کو جو سزا سنائی گئی وہ تاریخ میں رقم ہے، مشرف کو سزا کا لیبل انکے ماتھے پر لگایا گیا۔ تحریک انصاف کا ٹکٹ رسوائی کا ٹکٹ بن چکا‘ خیبر پی کے میں انہیں عبرتناک شکست ہوئی۔ جے یو آئی کی جیت پر لگا یہ ہماری فتح ہے۔ اپنی جماعت کو کہوں گی خیبر پی کے پر پوری توجہ دی جائے‘ پی ٹی آئی کو خیبر پی کے میں شرمناک شکست ہوئی‘ نااہلی اور نالائقی کے ریکارڈ توڑے ہوں تو ناکامی ہی ہو گی۔ یہ خیبر پی کے کو اپنا گھر کہتے تھے‘ آئندہ الیکشن میں پی ٹی آئی کا ٹکٹ لینے والا کوئی نہیں ہو گا۔ اس پارٹی کے امیدوار اب ہیلمٹ پہن کر عوام میں جائیں۔ پی ٹی آئی کا ٹکٹ رسوائی کا نشان بن گیا۔ ابھی وقت ہے عمران خان عوام کی جان چھوڑ دیں اور تھوڑی سی جو عزت ہے وہ بچا کر چلے جائیں۔ وہی نیب جو روزانہ سماعت کی درخواست دے رہا تھا اب التواء مانگ رہا ہے‘ نیب کے پاس میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے‘ نیب کے پاس جھوٹ تھا‘ اس لئے التواء مانگ رہے ہیں۔ یہ حکومت ایک کے بعد ایک ضمنی انتخاب ہاری ہے‘ یہ پہلی سٹنگ حکومت ہے جو ایک کے بعد ایک ضمنی انتخاب ہاری ہے۔ لاہور میں یہ سامنا کرنے کے قابل نہیں تھے‘ کوئی تھوڑی سی بھی عزت والا ہو تو خدا حافظ کہہ کر چلا جائے۔ حکومت نے عوام کو مہنگائی میں پیس کر رکھ دیا ہے اور لوگوں کی زندگیاں عذاب کر دی ہیں‘ کے پی کے اپنے گھر میں اتنی شرمناک اور بدترین شکست ہوئی۔ آئندہ وزیر اعظم کا امیدوار کون ہو گا کے سوال پر کہا کہ شہباز شریف ہماری پارٹی کے صدر ہیں اور انتہائی سینئر ہیں‘ جب وقت آئے گا تو جماعت فیصلہ کرے گی‘ سب پارٹی رہنماؤں نے فیصلے کا اختیار نواز شریف کو دیا ہوا ہے‘ وقت آئے گا تو پارٹی کی مشاورت سے نواز شریف فیصلہ کریں گے‘ ہم سب شہباز شریف کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور ان کی سپورٹ کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...