کابل(این این آئی)افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی نے سابق صدر حامد کرزئی کے بیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے سابقہ حکومت کے کرپشن سے متعلق بیان سے افغانستان کی توہین نہیں ہوئی۔میڈیارپورٹس کے مطابق افغانستان کے عبوری وزیرخارجہ امیر خان متقی نے سابق افغان صدر حامد کرزئی کے بیان کی تردید کی جس میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کا پاکستان کو افغان سرزمین سے داعش کے خطرے کا سامناکرنے کی بات افغانستان کے لوگوں کی تذلیل ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں وزیراعظم عمران خان کے بیان میں تذلیل کی کوئی بات نظر نہیں آئی۔امیرخان متقی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیان میں مجھے ایسی کوئی تذلیل نظر نہیں آرہی ہے جس کا سرکاری سطح پر جواب دیا جائے، یہ ایک مثبت اجلاس تھا اور مثبت نتائج تھے تو ہمیں اس کو منفی طور پر نہیں لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے افغانستان کی سابقہ حکومت پر تنقید کی اور میرا خیال ہے کہ سابقہ حکومت کے عہدیداروں کو ردعمل دینا ان کی مجبوری تھی۔ان کا کہنا تھا کہ اجلاس میں مختلف نکتہ ہائے نظر اور خیالات کا اظہار کیا گیا اور ہر شخص اپنے کہے ہوئے کا ذمہ دار تھا۔افغان عبوری وزیرخارجہ نے کہا کہ سب سے ہم بات یہ ہے کہ کانفرنس کے تمام شرکا نے افغانستان کے حق میں بات کی۔
عمران خان کے بیان میں افغانستان کی توہین نظر نہیں آتی:امیر خان متقی
Dec 22, 2021