لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے کامن ویلتھ گیمز 2022ء کی کوئینز بیٹن ریلے کی پاکستان آمد کے حوالے سے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں، بیٹن ریلے کی آمد کا شیڈول بھی جاری کر دیا ہے، اگلے سال انگلینڈ کے شہر برمنگھم میں منعقد ہونے والی کامن ویلتھ گیمز کی کوینز بیٹن ریلے 27 دسمبر کو کراچی پہنچے گی،کوئینز بیٹن ریلے 72 کامن ویلتھ ممالک میں سے 32 ویں ملک پاکستان پہنچ رہی ہے، بیٹن ریلے کے کراچی پہنچنے پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور صدر کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید عارف حسن، سیکرٹری کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن خالد محمود کوئینز بیٹن ریلے اور اس کے آفیشلز کو خوش آمدید کہیں گے، بیٹن ریلے پاکستان میں قیام کے دوران برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر کراچی، مدرس اسلام یونیورسٹی کراچی، مزار قائد اعظم کراچی، گرائمر سکول اور مولانا محمد علی جوہر پارک میں مختلف تقاریب کے ذریعے لوگوں اور طلبہ میں اسے متعارف کرایا جائے گا۔سکواڈ کے عالمی چیمپئن جہانگیر خان اور ورلڈ بیچ ریسلنگ چیمپئن اور کامن ویلتھ گیمز کے گولڈ میڈلسٹ انعام بٹ کوئینز بیٹن ریلے تھام کر مارچ کرینگے۔