نکاح خاندانی نظام کو مضبوط بناتا ہے،محمد حسین محنتی  

کراچی(نیوز رپورٹر)   امیرجماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ نکاح خاندانی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور دو خاندانوں کو ایک کرتا ہے۔نکاح میں آسانی پیدا کی جائے اور فرسودہ رسومات کاخاتمہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ٹاؤن کے سابق نائب ناظم۔ٹاؤن اور جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی نائب ناظمہ فرحانہ اورنگزیب کی صاحبزادی کی تقریب نکاح کے دوران کیا۔اورنگزیب حیدر کی صاحبزادی کا نکاح ندیم احمد قاضی کے صاحبزادے قاضی عبیدالرحمان کے ساتھ ہوا ۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ مسلم معاشرے میں نکاح کی بڑی اہمیت ہے۔نکاح خاندانی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔مغرب میں آج خاندانی نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکا ہے اور ان کے معاشرے میں رشتوں کی کوئی قدر اور تصور نہیں ہے۔اسلامی تعلیمات ہمیں بے حیائی کے کاموں سے روکتی ہیں اور نکاح کے ذریعے  مضبوط خاندانی نظام وجود میں آتا ہے۔جس سے آنے والی نسلوں کا وجود جنم لیتا ہے۔ہمیں نکاح کو اور زیادہ آسان بنانا ہوگا۔جہیز ودیگر خرافات سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔ہزاروں بچیاں آج جہیز کی لعنت کی وجہ سے شادی سے محروم ہیں۔نکاح کو آسان بنا کر ہم غریب گھرانو کی مشکلات کا خاتمہ کرسکتے ہیں۔نکاح کی تقریب میں امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان،نائب امراء عبدالوہاب،راجہ عارف سلطان ،مسلم پرویز،سابق رکن سندھ اسمبلی محمد یونس بارائی،امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان ،سابق امیر ضلع کمال احمد فاروقی،نائب امراء سید اقبال سعید،چوہدری سرفراز احمد،محمد شفیق سیکریٹری عبدالحفیظ،محمد اسلم شیخ،عاشق علی خان،شکیل احمد،قاسم جمال،منصور فیروز،قاری منصور فیروز کے علاوہ جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی قیمہ دردانہ صدیقی ،عطیہ نثار،ناظمہ سندھ رخشندہ منیب،ناظمہ کراچی اسماء سفیر،آمنہ عثمان،سمعیہ عاصم،فرح عمران،ناظمہ ضلع کورنگی ناہید ظہیر کے علاوہ بڑی تعداد میں عزیز واقارب ورشتہ داروں نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن