کراچی(نیوز رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا ،سینیئر رہنما سردار اور کورنگی ٹائون کے ملک کلیم اللہ نے کہا ہے کہ جعلی پولیس مقابلے انسانیت کے چہرے پر بدنما داغ ہیں۔ واصف اور ارسلان کے قاتل پولیس اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی جانوں سے کھیلنے کا حق کس نے دیا ہے؟پولیس کی صفوں میں شامل کالی بھیڑیں پورے محکمے کی بدنامی کا باعث بن رہی ہیں۔ جعلی پولیس مقابلوں میں نوجوانوں کی ہلاکت کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے۔ اصل مجرموں کو پکڑنے اور سزا دینے کے بجائے مظلوم عوام، طلباء اور محنت کشوں کو گولیاں ماری جارہی ہیں۔ کراچی کے بے گناہ واصف ریاض اور ارسلان محسود کے خون کا حساب دیا جائے۔ اب تک جعلی مقابلوں میں درجنوں شہری ہلاک ہوچکے ہیں۔ لیکن ملزمان کو سزا نہیں دی گئی۔ واصف ریاض اور ارسلان محسود کا کوئی کرمنل ریکارڈ بھی نہیں تھا پھر بھی پولیس نے براہ راست فائرنگ کر کے انہیں جان سے مار دیا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انسانی جانوں سے کھیلنے کا حق کس نے دیا ہے؟پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کرتی ہے کہ سندھ میں بڑھتے ہوئے پولیس گردی کے واقعات کو روکا جائے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں شہر قائد میں بڑھتے ہوئے جعلی پولیس مقابلوں اور شہریوں کی ہلاکتوں پر غم وغصے کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی پی کراچی کے چیف آرگنائزر طارق چاندی والا، سینیئر رہنما سردار ذوالفقار اور کورنگی ٹائون کے ملک کلیم اللہ نے مزید کہا کہ جعلی پولیس مقابلے نہ صرف ظلم و ناانصافی ہیں بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کے لئے بدنامی کا باعث بن رہے ہیں۔سندھ پولیس کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر کے سندھ میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کی گئی ہے۔ سندھ پولیس کو سیاسی جماعت بننے سے روکا جائے اور ادارے کی کارکردگی پر کھڑے سوالیہ نشانوں کو ختم کیا جائے۔ پاسبان رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں پولیس کے مظالم بند کئے جائیں۔ مقتول واصف ریاض اور ارسلان محسود کے بے رحمانہ قتل میں ملوث پولیس اہلکاروں اور افسران کو ملازمت سے فارغ کر کے سخت سزا دی جائے۔ مقتولین کے خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے۔
سندھ میں بڑھتی پولیس گردی روکی جائے:طارق چاندی والا
Dec 22, 2021