کراچی (نیوزرپورٹر)مسلم لیگ (ن) کراچی کے صدر انجینئر سلمان خان نے کہا کہ شیرشاہ پراچہ چوک کا خوف ناک جان لیوا دھماکا کراچی کے متعلقہ سرکاری اداروں کی نااہلی اور غفلت کا ثبوت ہے جس میں 17 قیمتی جانیں لقمہ اجل بن گئی اور کتنے ہی زخمی زیر علاج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوسناک اور تکلیف دے واقعہ کے ذمہ داروں کی کون نشاندہی کرے گا اور ان کے خلاف کارروائی کرے گا؟ یہ سندھ حکومت بلدیہ کراچی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس واقعے کی صاف و شفاف تحقیقات کرکے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے۔ شیرشاہ کا یہ نالہ تقریباً20 یا 22 کلو میٹر لمبا ہے جو لیاری ندی تک جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ دھماکہ کیمیکل کے زہریلے پانی جو نالے میں گرتا ہے اْس کی گیس جمع ہوجانے کی وجہ سے یہ دھماکہ ہوا اب یہ زہریلا پانی استعمال کرنے والی فیکٹریوں کے خلاف کوئی قانون موجود ہے یا نہیں؟ انجینئر سلمان نے تمام مرحومین کے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت کی دعاکی اور یہ مطالبہ کیا کہ ان کے لواحقین کو مالی مدد کی جائے۔