اسلام آباد )خبر نگار+ خصوصی خبر نگار) کنگ سلمان ہیومنیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر نے افغانستان کیلئے امدادی پیکج کے حوالے سے منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے کیا۔ سعودی عرب کی جانب سے 1920 ٹن غذائی اشیا خورد و نوش سے لدے 200 ٹرک پاکستان کے راستے افغانستان روانہ ہوگئے ہیں۔ جس سے2 لاکھ 80 ہزار افراد مستفید ہو سکیں گے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ30 ہزارغذائی اشیا پر مشتمل پیکجز اور دیگر10 ہزار اشیاء کے پیکجز کی تقسیم سے افغانستا ن میں رہنے والے غریب اور مستحق افراد کی مدد ہوگی۔ سعودی عرب کے اس انسان دوست اقدام کو سراہتے ہیں۔ افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے اس قسم کے اقدامات اٹھانا انتہائی اہم ہیں۔ انہوں نے کہا او آئی سی اجلاس کے انعقاد میں بھی سعودی عرب نے پاکستان کی مدد کی اور افغانستان کی مدد کرنے کا اعادہ کیا۔ محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان بھی افغانستان کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔ سعودی سفیر نے سامان کی ترسیل میں تعاون فراہم کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔