لاہور( کامرس رپورٹر )ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمن زبیری نے کہا ہے کہ پاکستان کو معاشی بدحالی سے نکالنے کیلئے چین ، بھارت اور امریکہ کے ماڈلز کو اپنانے کی ضرورت ہے ، حکومت معاشی ایمرجنسی لگا کر عوام سے غیر مشروط طور پر موجودہ قیمت پر سونا خرید کر اس کے ذخائر میں اضافہ کرے ،اس کے بعد 10 سال کیلئے ضرور ت سے زیادہ سونے پر رکھنے پر پابندی عائد کی جائے جو سونا پکڑا جائے وہ بحق سرکار ضبط کر لیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے ''ملک کی معاشی صورتحال اور ہماری سمت '' کے موضوع پر ٹیکس اورعوام مذاکرے میںخطاب کررہے تھے۔اس موقع پر صدر ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ قاری زوہیب الرحمن زبیری ،سینئر نائب صدر عاشق علی رانا،نائب صدر واصف علی اویس،جنرل سیکرٹری سید حسن علی قادری ،سیکرٹری اطلاعات سیف الرحمن زبیری ،فنانس سیکرٹری عبد الرحمن انصاری سمیت ٹیکس ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔انہوںنے کہاکہ حکومت چین ، امریکہ اور بھارت کی طرح نئے نوٹ چھاپ کر سونا خریدے اور اس کے ذخائر میں اضافہ کرے ، امریکہ اور بھارت میںاس کے بعد کبھی معاشی طور پر بدحال نہیں ہوئے۔اس کے ساتھ برآمدات پر توجہ دی گئی۔ سمال اینڈ میڈیم انڈسٹری پر توجہ دی جائے۔پر تعیش درآمدات پر غیر معینہ مدت کیلئے پابندی عائد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی 70 فیصد غیر آباد زمینوں کو آباد اور کاشتکاری کو یقینی بنانے کیلئے ملکی اورغیر ملکی زرعی ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں،زرعی زمینوں پر ہاﺅسنگ سوسائٹیاں بنانے پر پابندی عائد کی جائے۔
معاشی بدحالی:چین ، بھارت ،امریکہ کے ماڈلز کو اپنایا جائے: ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ
Dec 22, 2022