لاہور( کامرس رپورٹر )پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ نے مالی سال 2022-23کے صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے36ویں اجلاس میں اریگیشن اور لوکل گورنمنٹ سیکٹرز کی 2ترقیاتی سکیموں کے لیے مجموعی طور پر 1ارب 14کروڑ 62لاکھ 32 ہزار روپے کی منظوری دی۔ صوبائی ورکنگ پارٹی کے اجلاس میں ترقیاتی بورڈ کی جانب سے جن سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں ڈی جی خان کے علاقہ یونین بیت بیعت والا موضع بیت چن میں سپر کی تعمیر کیلئے 66کروڑ 34لاکھ 74ہزار روپے اور پنجاب میں واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن انفراسٹرکچر کی ڈیجیٹائزیشن / میپنگ کیلئے 48کروڑ 27لاکھ 58 ہزار روپے شامل ہیں۔اجلاس میں صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی۔