بنوں میں کامیاب آپریشن پر صدر، سپیکر، سنجرانی  کی سکیورٹی فورسز کو مبارکباد، خراج تحسین 


 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی +خبر نگار +این این آئی+ اے پی پی) صدر مملکت عارف علوی نے بنوں میں دہشت گردوں  کی کارروائی ناکام بنانے اور ان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب آپریشن سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔ اپنے بیان میں صدر مملکت نے کہا کہ حصہ لینے والے اہلکاروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ قوم نے بڑی قربانیاں دے کر ملک کو دہشت گردی سے آزاد کیا ہے، پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں پر اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔ صدر مملکت نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج ِ عقیدت، بلندی درجات کی دعا کی۔ زخمی جوانوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ قومی اسمبلی کے سپیکر راجہ پرویز اشرف اور  ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی  نے بھی بنوں میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی ہے۔ بیان کے مطابق سپیکر و ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے دہشتگردوں کے خلاف  جنگ میں ہمیشہ سینہ سپر ہو کر کارروائیاں کی ہیں۔ سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور دہشتگردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔ دہشتگردی کا قلع قمع کرنے کیلئے قومی اتحاد اور یکجہتی ضروری ہے۔ مسلح افواج کی ملکی دفاع اور سلامتی کیلئے دہشتگردی کے خلاف قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے جائے گا۔ پوری قوم دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سپیکر راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ہماری افواج دشمن کے ناپاک عزائم کو کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں  گی۔ شہید ہونے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔سینیٹر صادق سنجرانی نے بنوں میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو مبارکباد دی ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ 

ای پیپر دی نیشن